• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’محبت کی سزا ‘‘بھارتی جوڑا کالج سے فارغ، عدالت نےداخلہ بحال کردیا

نئی دہلی(جنگ نیوز)بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کی ایک عدالت نے مقامی کالج کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے محبت کرنے والے نوجوان جوڑے کا داخلہ بحال کردیا۔بھارتی اخبار کے مطابق کالج انتظامیہ کی جانب سے 21سالہ لڑکے اور 20سالہ لڑکی کو محبت کرنے پر تعلیمی ادارے سے بے دخل کردیا گیا تھا۔ عدالت کے مطابق آزادی اور نجی معاملات کا خیال رکھنا چاہئے۔ تعلیمی ادارے کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ محض محبت کرنے پر طالب علموں کا داخلہ منسوخ کر دے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ محبت انسانی جذبات سے جڑی ہے، ان کی محبت سے تعلیمی ادارے کو نقصان نہیں پہنچا ، اس لئے ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی۔ کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ کالج انتظامیہ طالب علموں کے مابین مثبت رجحان اور تدریسی عمل کو بہتر بنانے کیلئے اختیارات کا حق رکھتی ہے لیکن وہ انسانی فطرت میں شامل جذبات کو قابو کرنے کا حق نہیں رکھتی۔کالج کے 21 سالہ طالب علم نے کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی، جس میں کالج انتظامیہ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔عدالتی فیصلے کے بعد لڑکی نے کالج میں تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ لڑکے نےدوسرے کالج میں داخلہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس حوالے سے عدالت نے کالج کو ہدایت کی کہ لڑکے کا مکمل تدریسی ریکارڈ دو ہفتے کے اندر فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین