• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کے نالے سے سیکڑوں شناختی کارڈ برآمد


لاہور میں بند روڈ پر واقع ایک گندے پانی کے نالے سے سیکڑوں شناختی کارڈ برآمدہوئے ہیں۔

لاہور کے علاقے شفیق آباد کی یوسی 50 قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے سیکڑوں قومی شناختی کارڈ برآمد کیے گئے ہیں، یہ شناختی کارڈ 3تھیلوں میں بند کرکے نالے میں پھینکے گئے تھے۔

یہ شناختی کارڈ علاقے کے بچوں نے نالے سے نکالے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ شناختی کارڈ کس کے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں کس نے جمع کیے تھے اور نالے میں کیوں پھینکے گئے ہیں؟

پولیس نے تمام شناختی کارڈ تحویل میں لے کر اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ملک بھر میں کل 25 جولائی کو عام انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں اور اس موقع پر سیکڑوں افراد کے شناختی کارڈز کا نالے میں ہونا ان سب لوگوں کو ووٹنگ کے حق سے محروم رکھنے کی ایک سازش ہی ہے۔

لاہور کے نالے سے سیکڑوں شناختی کارڈ برآمد

واضح رہے کہ این اے 125 جہاں کے نالے سے یہ سیکڑوں شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں وہاں سے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد بھی امیدوار ہیں جنہوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا شناختی کارڈ متعلقہ علاقے کے رہائشیوں کے ہیں اور اس میں دھاندلی کی کوشش تو نہیں کی گئی۔

دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 125 سےملنے والے شناختی کارڈزکی تحقیقات کے لیے نادرا کی ٹیم نے تحقیقات شروع کر دیں، نادرا کی ٹیم نے تفصیلات کے لیے پولیس سےرابطہ کر لیا۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبرکا کہنا ہے کہ رپورٹ لے کر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

تازہ ترین