• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین ایئر کےاندرون ملک فضائی آپریشن پر بھی پابندی

شاہین ایئر کےاندرون ملک فضائی آپریشن پر بھی پابندی

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر انٹرنیشنل کے اندرون ملک فضائی آپریشن پر بھی پابندی عائد کردی، واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ایئر کی بین الاقوامی پروازیں پہلے ہی معطل کی جاچکی ہیں، پروازیں بند ہونے سے درجنوں پاکستانی چین میں پھنس گئے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ایئر انٹرنیشنل کی بین الاقوامی پروازوں کے بعد اب اندرون ملک پروازیں بھی معطل کردی ہیں ۔

سی اے اے کے ترجمان کے مطابق شاہین ایئر لائن کو صرف حج پروازوں کی اجازت ہے، سول ایوی ایشن کی نئی پابندیوں کے بعد اب شاہین ایئر صرف کو ئٹہ اور ملتان سے عازمین حج کو کراچی لانے کیلئے اندرون ملک پروازیں چلا سکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں سے عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کیلئے بین الاقوامی پروازوں کی بھی اجازت ہو گی ۔

ترجمان کے مطابق حج آپریشن کیلئے شاہین ائیر کے لائسنس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے شاہین ایئر کے ذریعے چین کے صوبے گونگزو جانے والے درجنوں پاکستانی جن میں خواتین اور بچے بھی ہیں وطن واپسی کیلئے کئی دن سے ایرپورٹ پر پریشان حال بیٹھے ہیں۔

اس معاملے پر سول ایوی ایشن کا موقف ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت تھی کہ اگر شاہین ایئر شیڈول کے مطابق اپنے واجبات ادا کردے تو اس کا فلائٹ آپریشن بحال کردیا جائے، چونکہ شاہین ایئر نے ایسا نہیں کیا اسلئے پروازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ادھر شاہین ایئر کا موقف ہے کہ عدالتی حکم کی غلط تشریح کرکے شاہین ایئر کی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی جان بوجھ کر ایک ملکی ایئرلائن کو دیوار سے لگا رہی ہے۔


تازہ ترین