• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتوار کی چُھٹی کے بعد، عیدِ آزادی ،جشنِ آزادی14اگست کی بھی چُھٹی آرہی ہے۔اور عام تعطیل کے سبب یقیناً گھر کے سبھی افراد، گھر پر ہوں گے۔ سب مِل جل کر قومی تہوار کو بَھر پور انداز سے منانے کا اہتمام کریں گے۔ جھنڈے، جھنڈیاں لگائے جائیں گے۔ قومی ترانوں کا شور ہوگا اور دِل و دماغ وطن کی محبّت سے خُوب معمور بھی۔ سب یک جا ہوں، دسترخوان سجے اور اُس پر شان دار روایتی پاکستانی پکوانوں کی بہار ہو، تو کیا ہی بات بنے۔تو لیجیے، اس جشنِ آزادی پر پرچم کے رنگوں میں رنگی ہماری یہ ذرا منفرد و خاص سی تراکیب آزما کے دیکھیں۔

پاکستانی پلاؤ

جشنِ آزادی دستر خوان . . .

اجزاء: گوشت ایک کلو، چاول ایک کلو، پیاز دو کپ(تلی ہوئی)، دہی آدھا کپ، ادرک، لہسن کا پیسٹ چار کھانے کے چمچ، لونگ، کالی مرچ چھے چھے عدد، دار چینی چار ٹکڑے، تیز پات دو سے تین عدد، گرین فوڈ کلر حسبِ ضرورت اور تیل دو کپ۔

یخنی کے اجزاء اور ترکیب: پیاز دو عدد، لہسن کے جوے چار عدد، ادراک دو انچ کا ٹکڑا، تیزپات دو عدد۔ ایک پتیلی میں جتنی یخنی بنانی ہے، اتنا ہی پانی لے کر اس میں گوشت اور دیگر اجزاء شامل کردیں۔ اب ایک کپڑے میں سونف ایک کھانے کا چمچ،سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ اور ایک بڑی الائچی لےکر پوٹلی بنالیں اور یخنی میں ڈال دیں۔جب گوشت گل جائے، تو ایک باؤل میں اسے نکال کر یخنی چھان کے پوٹلی خُوب اچھی طرح نچوڑ کر باقی اجزاء ضایع کردیں۔

ترکیب:چاول پکانے سے قبل دھوکر دو گھنٹے کے لیےبھگو دیں۔بعد ازاں ایک کھلے مُنہ کے پتیلے میں تیل گرم کریں۔پھر اس میں گوشت، ثابت گرم مسالا اور ادراک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھونیں۔بھونتے ہوئے تھوڑی تھوڑی مقدار میں یخنی اور تلی ہوئی پیاز شامل کرتی جائیں۔جب اُبال آنے لگے،تو اس میں چاول شامل کر دیں۔دَم دینے سے قبل پتیلے کے درمیان کاپی کا ایک موٹا گتّا لگا دیں۔ پھر چاول کے ایک طرف گرین فوڈ کلر گھول کر چھڑک دیں اور گتّا ہٹا کر دَم دے دیں۔ڈش میں ایک طرف ہرے چاول اور دوسری طرف سفید چاول نکال کر سرو کریں۔

14 مسالے کا ہانڈی گوشت

جشنِ آزادی دستر خوان . . .

اجزاء:گوشت(بکرے کا)ایک کلو، پیاز(تلی ہوئی)ایک کپ، دہی ڈیڑھ پاؤ، ادرک، لہسن کا پیسٹ چار کھانے کے چمچ، ہری مرچیں چار عدد، نمک حسبِ منشا، سُرخ مرچ(پِسی ہوئی) حسبِ ضرورت، دھنیا(پِسا ہوا)دو کھانے کے چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، لونگ، کالی مرچ چھےچھے عدد، دار چینی چار ٹکڑے، چھوٹی الائچی چار عدد، بڑی الائچی دو عدد، تیز پات دو عدد، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ،کالا زیرہ آدھا چائے کا چمچ، جاوتری(پِسی ہوئی)ایک چٹکی،جائفل(پِسا ہوا) دو چٹکی،آٹا ایک کپ اور تیل دو کپ۔

ترکیب:گوشت میں دہی، پیاز، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور دیگر مسالاجات مکس کریں اور ایک گھنٹے کی میری نیشن کے لیے رکھ دیں۔پھر مٹّی کی ہانڈی میں تیل گرم کریں۔جب تیل کڑکڑانے لگے،تو گوشت ڈال دیں۔ تھوڑا سا بھون کرڈھک دیں۔ اس کے بعد آٹا گھول کرڈھکن کے چاروں طرف اس کا لیپ کردیں۔تقریباً آدھے گھنٹے بعد ڈھکن کھول کر ہری مرچیں ڈالیں اور پانچ منٹ کے لیے دَم دے دیں۔ قُلچوں کے ساتھ کھانے کا مزا دوبالا ہوجائے گا۔

فلیگ کسٹرڈ

اجزاء:کسٹرڈ (ونیلا فیلور)پانچ کھانے کے چمچ، دودھ ڈیڑھ کلو، سبز الائچی دو عدد، فریش کریم حسبِ ضرورت، گرین فوڈ کلر حسبِ منشا، چینی حسبِ ذائقہ اور چاند ستارہ بنانے کے لیے گتّے کا ٹکڑا۔

ترکیب: سب سے پہلے کسٹرڈ تیار کر کے اسے گہری ڈش میں پھیلا دیں اور فریزر میں دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر کسٹرڈ پر کریم کی موٹی تہہ جما کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھیں۔اس دوران چاند اور ستارہ کاٹ لیں ۔اب اسےکسٹرڈ کے سیدھی طرف درمیان میں لگادیں،جب کہ دوسری جانب ہلکا سا تیل لگائیں۔اب دو پیالی کریم میں گرین فوڈ کلر ملا کرکسٹرڈ کا سفید حصّہ چھوڑ کر چاند ستارے والی جگہ پر ہری کریم ڈال دیں۔ کریم سیٹ ہوجائے،تو گتا ہٹا دیں۔لیجیے، فلیگ کسٹرڈ تیار ہے۔

ہرا،سفید مشروب

جشنِ آزادی دستر خوان . . .

اجزاء اور ترکیب:بازار سے سفیدکولا اور آئس کریم سوڈا ڈیڑھ ڈیڑھ لیٹر منگواکے فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

جب دسترخوان پر کھانا چُن دیا جائے، تو ایک گلاس میں سفید اور دوسرے میں آئس کریم سوڈا بَھر کر اہلِ خانہ یا مہمانوں کے سامنے رکھ دیں۔ آپ کا دستر خوان جشنِ آزادی کے رنگوں سے کھل اُٹھے گا۔

(پھول جعفری پہر سری، کراچی)

تازہ ترین
تازہ ترین