• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد امریکیوں کی تنظیم اور دواساز کمپنی میں معاہدہ

آغا خان یونیورسٹی ، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم اوپن اور مقامی دواساز کمپنی کے درمیان صحت اور طبی تعلیم کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر آغاخان یونیورسٹی کے صدر فیروز رسول اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم اوپن کراچی کے صدر ڈاکٹر زکی الدین احمد نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت’ اوپن‘ اور پاکستان کی ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی آغاز خان یونیورسٹی کے طلباء و اساتذہ کے بنائے ہوئے پروجیکٹس کو فائنانس کریں گے اور انہیں پیٹنٹ کرواکے مارکیٹ میں لانے میں مدد کریں گے۔

آغا خان یونیورسٹی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب آغا خان اسپتال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں آغاخان یونیورسٹی کے صدر فیروز رسول ، آغا خان اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہینس ، امریکہ میں پاکستانیوں کی تنظیم اوپن کراچی کے صدر ڈاکٹر زکی الدین احمد ، معروف صنعت کار ہارون قاسم ، آغا خان یونیورسٹی کے سی سی آئی ٹی فورم کے سربراہ ڈاکٹر اسد میاں کے علاوہ ڈاکٹروں ، طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغاخان یونیورسٹی کے صدر فیروز رسول کا کہنا تھا کہ امریکہ میں اس طرح کے منصوبوں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور وہاں ایسے افراد کو مواقع فراہم کیے جاتے ہیں جنہوں نے ماضی میں ناکامی کا سامنا کیا ہوکیونکہ وہ ناکامیوں سے سبق سیکھ کر بالآخرکامیاب ہوجائیں۔

ان کاکہنا تھا کہ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد نئے آئیڈیاز کی تلاش اور ان طلباء کی مدد کرنا ہے جو صحت کے شعبے اور طبی تعلیم میں کچھ نیا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان دونوں شعبوں میں کچھ نیا کرکے دکھایا جا سکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ آغاخان یونیورسٹی جدت پر یقین رکھتی ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کے طلباء طبی مسائل کے ایسے حل سامنے لائیں گے جس سے دکھی انسانیت کے مسائل میں کمی ہوگی۔

امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم اوپن کے کراچی کے سربراہ ڈاکٹر زکی الدین احمد نے کہا کہ ان کی تنظیم ایسے پاکستانی طلبہ کی مدد کے لیے تیار ہے جو صحت اور تعلیم کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی روشناس کرا سکیں اور اس سلسلے میں انہیں آغاخان یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم پہلے ہی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مختلف ممالک میں بیٹھے ڈاکٹروں اور مریضوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے جبکہ وہ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے پوری دنیا میں طبی مسائل کے حل اور خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

آغا خان یونیورسٹی کے سی سی آئی ٹی کے سربراہ ڈاکٹر اسد میاں نے بتایا کہ ان کا مقصد اپنے ادارے کے طلباء کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور اس قابل کرنا ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے مریضوں کی مشکلات میں کمی لا سکیں۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ان کے طلباء کئی مینول مشینوں کو خودکار اور کمپیوٹرائز کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں کئی انسانی جانوں کو بچانا ممکن ہو جائے گا۔

اس موقع پر آغا خان یونیورسٹی کے چار مختلف طلباء اور اساتذہ کی ٹیموں نے پینل کے سامنے اپنے پروجیکٹس پیش کیے اور شرکاء کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے ۔

تازہ ترین