• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بڑی کھڑکیوں کے بڑے فوائد

کھڑکیوں کی افادیت سے بھلا کسے انکار ہوسکتا ہے، روشنی اور تازہ ہوا کوگھر کے اندر آنے دینے، باہر کا خوبصورت منظر اور خوشگوار فضا کا نظارہ کرنے یا پھرکمرے میں ایک خاص تاثر پیدا کرنے کے لیے ان کا استعمال لازمی ہے۔ کچھ عرصہ قبل ہر گھر میں چھوٹی اور ہلکی پھلکی کھڑکیاں دیکھی جاتی تھیں لیکن اب یہ رجحان تبدیل ہونے لگا ہے۔ کمرے کی کسی ایک دیوار میں دو یا چار کھڑکیوں کے بجائے دیوار گیر بڑی اور چوڑی کھڑکیوں کا انتخاب کیا جانے لگاہے۔ 

ہم بھی آپ کو یہی تجویزکریں گے کہ اگر آپ کا گھرکھلی جگہ پر بناہواہے اور اس کی دیواریں چوڑی ہیں توچھوٹی کھڑکیوں کے بجائے بڑی کھڑکیوں کا انتخاب کریں۔ یہ انتخاب کیوں کیا جائے، اس کے لیےبڑی کھڑکیوں کے فوائد سےمتعلق معلومات جانناآپ کے لیے ضروری ہیں۔

بڑی کھڑکیوں کا انتخاب کیوں؟

٭کھڑکیوں کا پہلا فائدہ ’قدرتی روشنی کا حصول‘ ہے۔ ان کے بغیر گھر میں قدرتی روشنی کا تصور ممکن نہیں ۔کھڑکیاں جتنی بڑی ہوں گی آپ قدرتی روشنی سے اتنے ہی زیادہ لطف اندوز ہوںگے۔ کسی چھوٹے کمرے کی ایک دیوار میں فرش سے چھت تک کھڑکیاں لگا کرنہ صرف آپ کمرے کو خوبصورت انداز فراہم کرسکتے ہیں بلکہ یہ چھوٹی اور عام کھڑکیوں کے مقابلےمیں دُگنی روشنی فراہم کرنا کا باعث بنیںگی۔

٭اگر آپ کے گھر کے ارد گرد خوبصورت مناظر دلکشی کے ساتھ موجود ہیں تو اس صورت میں آپ ان وسیع کھڑکیوں کے ذریعے دگنا فائدہ اٹھاسکتے ہیں، اس صورت میں کھڑکیوں کا عمل روشنی کی فراہمی سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ کھلتی ہیں تو باہر کا نظارہ کرواتی ہیں، اندر اور باہر کے ماحول کو آپس میں ملاتے ہوئے ہمیں ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ یہ منظر بھی گھر کا ہی حصہ ہے۔

٭چاہے دن ہو یا رات بڑی کھڑکیاں ایک خوبصورت ماحول تخلیق کرنے میں کامیاب رہتی ہیں۔ صبح کے وقت سورج کی روشنی اور قدرتی منظر کمرے کو روشن ،ہواداراور خوشگوار بناتا ہے، تو رات کے وقت چاند کی مدھم روشنی کمرے میںرومانوی اور سحر انگیز ماحول پیدا کرتی ہے۔

٭ یہ کھڑکیاں کھلتی ہیں تو تازہ ہوا اور آکسیجن اندر لے کر آتی ہیںاور بند ہوں تو باہر کے شور سے تحفظ فراہم کرتےہوئے پُرسکون ماحول فراہم کرتی ہیں۔

٭بڑی کھڑکیاں صرف آکسیجن اور دھوپ اندرلانے یاخوبصورت ، دلکش اور قدرتی مناظر کا بھر پور نظارہ ہی پیش نہیں کرتیںبلکہ ان کی موجودگی عمارتی خاکہ کو بھی عمدہ انداز فراہم کرتی ہے۔

٭وینٹیلیشن کا نظام گھر کے اہم عناصر میں سے ایک ہےاور اس نظام کو بڑی کھڑکیوں کے ساتھ آسانی سے ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ مناسب وینٹیلیشن کے ذریعے گھر انرجی ایفیشنٹ (Energy Efficient)اور محفوظ رہتا ہے جبکہ گھر میں رہنے والے افراد بھی صحت مند رہتے ہیں۔

٭تعمیراتی ماہرین کے مطابق گھر کے کمروں کے لیے اگر صحیح سمت میں بڑی کھڑکیوںکا انتخاب کیا جائےتو ان حصوں میں صبح کے وقت لائٹس کی ضرورت نہیں پڑتی۔

٭اگر یہ کھڑکیاں سلائیڈنگ ہوں تو پھر باغیچے میں جانے کے لیے دروازے کا بھی کام دے سکتی ہیں۔ اس طرح آپ کا گھر مزید کھلا کھلا لگتا ہے۔

٭بڑی کھڑکیوں کاموسم سرما میں ایک خاص فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ایسی کھڑکیاں کمرے کو گرم رکھتی ہیں جبکہ گرمیوں میں ان پر بھاری پردوں کی صورت میں گرمی کی حدت کو روکنا بے حد آسان ہوجاتا ہے۔

بڑی کھڑکیوں کے بڑے فوائد

بڑی کھڑکیاں کہاں لگوائی جائیں؟

بڑی کھڑکیوں کے فوائد سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے بعد سوال آتا ہے کہ ان کھڑکیوں کا استعمال گھر کے کن حصوں میں اور کہاں کہاں کیا جائے؟ کھڑکیاں چھوٹی ہوں یا بڑی سب سے پہلی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کو لگواتے وقت ہوا اورروشنی کو مد نظر رکھتے ہوئے جگہ کا انتخاب کیا جائے۔ کمرے کے جس حصے میں روشنی اور ہوا کا رخ زیادہ ہو اس دیوار کے لیے بڑی کھڑکیوںکو چنا جائے۔ عام طور پر تو کھڑکیوں کے لیے کوئی خاص جگہ متعین نہیں ہوتی بلکہ یہ گھر کے ہر حصے میں مکینوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔

بیڈروم: بیڈروم میں بڑی اور سادہ کھڑکیوں کا استعمال ان دنوں کافی فیشن میں ہے۔ بیڈ کی سامنے والی دیوار کے لیے بڑی کھڑکیوں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ یہ کھڑکیاں مختلف پورشن میں ہوسکتی ہیں، عام طور پر ان کے لیے سلائیڈگ ونڈو ڈور کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

لیونگ روم: بیڈ روم کی طرح لیونگ روم میں بھی بڑی کھڑکیاں لگانے کا رجحان زور پکڑ گیاہے۔ ان کھڑکیوں کو آپ حرارتی موصل بنا سکتے ہیں تاکہ سورج کی تیزکرنیں آپ کو زیادہ نقصان نہ پہنچائیں۔

سوئمنگ ایریا: اگر آپ کےگھر میںبھی سوئمنگ ایریا ہے تو بغیر سوچے سمجھے ’سٹنگ ارینجمنٹ ایریا‘ اور سوئمنگ پول کےلیےبڑی کھڑکیوں کا انتخاب کریں۔

باغیچے کے سامنے: اگر آپ کے گھر میں باغیچہ ہے تو باغیچے کے بالکل سامنے والے کمرے کے لیے بڑی کھڑکیوں کا انتخاب کیاجاسکتاہے۔ اپنے باغیچے کے سامنے والے کمرے میں ایک بڑی اور شاندار سی کھڑکی لگائیے اور موسم کے نظاروں کا لطف اٹھائیں۔ بارش کے موسم میں ایک کپ کافی اور آپکی پسندیدہ کتاب ایک شاندار امتزاج ثابت ہوگا۔

تازہ ترین