پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد ایک میوزک کنسرٹ میں بھارتی گانا گایا۔
ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی خبروں میں پاکستان کے ایک نیوز چینل کی جانب سے چلائی گئی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کئی افراد نے عاطف اسلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
صارفین نے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حب الوطنی پر شک کیا اور الزام عائد کیا کہ عاطف اسلم نے اس عمل کے لیے بھاری معاوضہ وصول کیا۔
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ عاطف اسلم نے امریکی شہر نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے یوم آزادی کے پروگرام میں ایک بھارتی گانا گایا۔
جہاں کئی صارفین نے عاطف اسلم کو تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں کچھ صارفین اور معروف گلوکاروں نے ان کی سپورٹ بھی کی۔
معروف گلوکار و موسیقار شفقت امانت علی خان نے بھی عاطف اسلم کی حمایت کی ۔خود پر تنقید اور جھوٹی خبر وائرل ہونے کے بعد عاطف اسلم نے بھی ٹوئیٹ کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے یوم آزادی کے کنسرٹ پر بھارتی گانے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا۔
گلوکار نے مختصر ٹوئیٹ میں خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ‘بے شک اللہ عزت دینے اور رکھنے والا ہے، سبز جھنڈا میری پہچان ہے’۔
گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ جاری کی، جس میں انہوں نے ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے خلاف جاری جھوٹی خبر کے خلاف ان کا ساتھ دیا۔
عاطف اسلم نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ان کے مداح جانتے ہیں کہ وہ سبزہلالی پرچم کی کتنی عزت کرتے ہیں،ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ان کے مداح ان کے خلاف جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا کا جواب ٹھیک طرح سے دینا جانتے ہیں۔
ساتھ ہی عاطف اسلم نے لکھا کہ نئے پاکستان میں الزام لگانے والے افراد ان سب کو عزت دینا جان جائیں گے، جنہوں نے پوری دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کیا۔