• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ برطانیہ کی جانب سے پاک فوج کی شاندار کامیابی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاک فوج کے ایک میجر کی قیادت میں رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ کے پلاٹون کے کیڈٹوں کی جانب سے مہارت کے شاندار مظاہرے پر اس سال پاک فوج کو بہترین پلاٹون قرار دیا گیا اور ملکہ نے پاک فوج کی شاندار کامیابی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ہے۔ پاک فوج کے میجر عمر فاروق نے گزشتہ سال برطانوی فوجی اکیڈمی میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ انھوں نے یہ ذمہ داری میجر عقبہ سے حاصل کی تھیں، جو پہلے پاکستانی فوجی انسٹرکٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد پاکستان واپس گئے تھے۔ برطانیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل مارک کارلٹن سمتھ مہمان خصوصی تھے۔ کمیشن کے173 کورس کی پریڈ گزشتہ روز رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ میں ہوئی تھی۔ میجر عمر فاروق اس کورس کے پلاٹون کمانڈر تھے اور انھوں نے ایک سال تک کیڈٹوں کی تربیت کے فرائض انجام دیئے تھے۔ اس تقریب میں جس میں ریٹائر اور حاضر سروس فوجی افسران، کیڈٹس کے اہل خانہ اور متعدد ممالک کے سفیروں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب میں شریک ہونے والی8پلاٹونز میں سے ان کی پلاٹون کو اس کورس کی بہترین پلاٹون قرار دیا گیا۔ پاکستان کے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے پریڈ میں شرکت کی اور میجر عمر فاروق اور ان کی پلاٹون کے ارکان کو مبارکباد دی۔

تازہ ترین