• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مستقبل کی ٹیکنالوجی گھر کا تصور بدل دے گی

تعمیرا ت کا شمار ان شعبوں میں کیا جاتا ہے، جہاں ٹیکنالوجی بہت بعد میں یا پھر آخر میں متعارف کرائی جارہی ہے۔ آپ تصور کریں ٹیکنالوجی نے حالیہ چند دہائیوں کے دوران کار سازی، مواصلات، خلااور دیگر شعبوں کی شکل بدل کر رکھ دی ہے جبکہ اس کے برعکس تعمیرا ت کی صنعت، انیس بیس کے فرق سے، آج کے دور میں بھی تقریباً اسی طرح کام کررہی ہے، جس طرح دو عشرے پہلے کررہی تھی۔

حالیہ چند برسوں میں تعمیرات کی صنعت میں متعارف ہونے والی ٹیکنالوجیز نے ابھی اس صنعت کو پوری طرح نہیں بدلا بلکہ یہ جدید ٹیکنالوجیز محدود پیمانے پر مخصوص تعمیراتی منصوبوں میں استعمال ہوئی ہیں۔ اسمارٹ اور گرین کنسٹرکشن کی سوچ بھی ابھی تک ابتدائی مراحل طے کررہی ہے۔

تعمیراتی صنعت میں ایسی ہی ایک نئی ٹیکنالوجی اسپین میں متعارف کرائی گئی ہے۔ اسپین میں تیار کیے جانے والے مستقبل کے ایک گھر کے مکین ہلکے سے اشارے سے اپنے رہائشی کمرے کی دیواروں پر نظر آنے والے انٹرنیٹ پیج کو بدل سکتے ہیں اور کمرے کا نظارہ کسی سمندری ساحل یا کسی مصروف بازار میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

اسپین میں تیار کیے جانے والے اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس گھر کے پروٹو ٹائپ کو ’اسمارٹ ہوم‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پروٹو ٹائپ کے حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں استعمال کی جانے والی تمام کی تمام ٹیکنالوجی وہ ہے، جو اس وقت موجود ہے اور ویڈیو گیمز میں استعمال کی جا رہی ہے۔

اس پروٹو ٹائپ کو تیار کرنے والے ماہرین کی ٹیم نے ’انٹرایکٹیو کمپیوٹر ایپلیکیشنز‘ کو دیواروں پر پروجیکٹرز کی مدد سے بیم کیا ہے۔ ان دیواروں پر حرکت نوٹ کرنے والے کائنیکٹ موشن سینسرز(Kinect Motion Sensors) نصب ہیں۔ مائیکروسافٹ کی طرف سے یہ سینسرز بنیادی طور پر، اس کے گیمنگ کنسول ایکس باکس360کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ اس طرح اس اسمارٹ ہوم کے رہائشی محض اپنے ہاتھوں کی حرکت سے اپنے ارد گرد موجود چیزوں کو کنٹرول کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ یہ بالکل ایک طرح کا جادو لگتا ہے۔

آپ تصور کریں کہ صبح بیڈ پر لیٹے لیٹے دیوار کی طرف ہاتھ کے اشارے سے نا صرف آپ الارم بند کر سکتے ہیں بلکہ ساتھ ہی ساتھ دن بھر کی مصروفیات دیکھنے کے لیے دیوار پر آپ کی اس دن کی ڈائری بھی نمودار ہو جائے گی۔

مستقبل کی ٹیکنالوجی گھر کا تصور بدل دے گی

اگر آپ کمرے کا ماحول بدلنا چاہتے ہیں، تو ایک چھوٹے سے اشارے سے کمرے کی دیواریں آپ کے اردگرد کا پورا منظر بدل دیں گی۔ چاہے آپ ایک مصروف شہر کی گلی کے نظارے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہوں یا پھر خوبصورت ساحلی منظر سے، وہ منظر مکمل طور پر آپ کے کمرے کو گھیر لے گا اور صرف ویڈیو ہی نہیں بلکہ تمام تر صوتی اثرات کے ساتھ۔

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں مستقبل کے اس گھر کے بارے میں پریزنٹیشن دیتے ہوئے اس کے خالق ایون کوئرواس مونز (Ion Cuervas-Mons) کا کہنا تھا، ’یہ پراجیکٹ ایک اسمارٹ ہوم کا کام کرتا ہوا پروٹو ٹائپ ہے۔ ہم نے گھر کے ڈھانچے کے ساتھ ایک ڈیجیٹل لیئر یا تہہ شامل کر دی ہے۔ اس طرح لوگ مختلف اشاروں اور جسم کی حرکت کی مدد سے اس گھر سے انٹرایکٹ یعنی تعامل کر سکتے ہیں‘۔

کوئرواس نے یہ پراجیکٹ نومبر 2011ء میں شروع کیا تھا اور انہوں نے یہ پروٹوٹائپ دراصل اپنے ہی اپارٹمنٹ میں تیار کیا ہے۔ ان کی ’تِھنک بِگ فیکٹری‘ کے نام سے بنائی گئی ٹیم میں پانچ ماہرین تعمیرات اور انجینئرز شامل ہیں، جو دیگر ماہرین کے ساتھ مل کر مختلف پراڈکٹس اور ایپلیکیشنز تیار کرتے ہیں۔

کوئرواس نے اسمارٹ ہوم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا،’اس میں ایک بنیادی یا جنرل انٹرفیس ہے، جو لیونگ روم میں موجود ہے۔ یہ انٹرفیس آپ کے ہاتھوں کے اشاروں سے کام کرتا ہے۔ آپ دیوار سے دو میٹر کے فاصلے پر جا کر اور ہاتھ کے اشارے سے ایک طرح کے کرسر (Cursor)کو حرکت دے کر لائٹیں جلا یا بجھا سکتے ہیں، میوزک چلا یا بند کر سکتے ہیں اور ایسی انٹرنیٹ سائٹس کھول سکتے ہیں، جو بعد میں آپ کو دوسری دیوار پر نظر آئیں گی‘۔

مستقبل کی ٹیکنالوجی گھر کا تصور بدل دے گی

کوئرواس کے مطابق یہ پراجیکٹ فی الحال صرف40فیصد مکمل ہوا ہے، ’’جب یہ مکمل ہو جائے گا تو ہم اس پروٹوٹائپ میں استعمال کی جانے والی ایپلیکیشنز کو باقاعدہ مصنوعات کی شکل دینا شروع کر دیں گے۔ یہ ہمارا اگلے برس کا ٹارگٹ ہے۔‘‘

یہ گھر تیار کرنے والی ٹیم کی خواہش ہے کہ وہ ایسی مصنوعات یا گیجٹ تیار کریں، جن سے لوگ جس قدر ممکن ہو، قدرتی انداز سے انٹر ایکٹ کر سکیں۔ اس کے علاوہ ان کا یہ بھی منصوبہ ہے کہ ایک مکمل گھر تیار کر کے دینے کی بجائے لوگوں کو اس بات کی سہولت دی جائے کہ وہ اپنی مرضی کی سہولیات اپنے گھر کے لیے منتخب کر کے انہیں خرید سکیں۔

تازہ ترین