• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو اور سدھو کو آخر کار پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حلف برداری کے با ضابطہ دعوت نامے مل گئے۔

پی ٹی آی چیئرمین عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی جس کے لیے سابق بھارتی کپتان کپل دیو، نوجوت سدھو اور سنیل گواسکرکو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

کپل دیو اور سدھو نے دعوت نامے ملنے کی تصدیق کر دی ہے،دونوں سابق کرکٹرز حلف برداری کی تقریب سے ایک روز قبل پاکستان پہنچیں گے۔

نوجوت سدھو کا عمران خان سے کرکٹ کے حوالے سے 30 سال کا تعلق رہا ہے، دعوت نامہ ملنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ عمران کی جانب سے مجھے ذاتی طور پر بھی دعوت دی گئی، ہم دونوں نے کچھ منٹ تک گفتگو بھی کی، میں نے انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

سدھو نے پرانے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے آنے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے تعلقات پیدا ہوں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ بھارتی سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آمد کے لیے بے تاب اور خوش ہیں اور وہ پاکستان آنے کے لیے اسی لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔

تازہ ترین