• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ظہیر پرویز خان

ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم موجودہ مشکلات اور چیلنجوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے،قوموں کو مشکلات درپیش ہوتی ہے ،قوم کی صلاحیت کا انحصار اس پر ہوتا ہے کہ وہ ان سے کیسے نمٹتی ہے ۔

نارویجن میڈیا اور پاکستانی صحافیوں سے گفتگو میں نئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے مابین دوستانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے، وہ چاہتے ہیں کہ یہاں سے زیادہ سرمایہ کاری پاکستان جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جمہوری عمل کو احسن طریقے سے عبور کررہا ہے اور قومیں اسی طرح ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، یہ ایک بہت ہی خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں جمہوری عمل جاری ہے اور پچھلی 2 حکومتوں کے 5سال پورے ہونے پر اقتدار نئی حکومت کو منتقل ہورہا ہے۔

ظہیر پرویز خان نے دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ ہمارا ملک خود دہشت گردی کا شکار ہےاور اس مسئلے پر قابو پانے میں ہمہ تن کوشاں ہے، حالات کافی بہتر ہوئے جن میں مزید بہتری آجائےگی ۔

ان کا کہناتھاکہ لوگوں کی محنت اور ایمانداری ہی ان کے اچھے کردار کو نمایاں کرتی ہے، میری کوشش ہوگی کہ کمیونٹی کے نوجوانوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنایا جائےتاکہ وہ پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دیں۔

نئے سفیر نے پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں سے ملاقات کی ،اس موقع پر چوہدری قمر اقبال ،پرویز ملک ،سلطان حمزہ اعوان ،چوہدر ی جہانگیر نواز گیلانہ ،عامر جاوید شیخ ،طلعت بٹ ،شیخ ریاض ،محترمہ زینب طیب عباسی اور خالد محمود موجود تھے ۔

ظہیر پرویز خان جو اس سے قبل تیونس میں پاکستان کے سفیر تھے، چند دن پہلے ہی ناروے پہنچے ہیں، وہ ناروے میں پاکستان کی سبکدوش ہونے والی سفیر محترمہ رفعت مسعود کی جگہ تعینات ہوئے ہیں، رفعت مسعود جو اب ایران میں پاکستان کی سفیر مقرر ہوئی ہیں، اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے پچھلے ماہ ہی تہران پہنچی ہیں۔

اس موقع پر ناروے میں پاکستان کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن زیب طیب عباسی نے بتایاکہ اس بار جشن آزادی کے موقع دارالحکومت اوسلو کے ’’اکے برگ‘‘ کے بڑے گراونڈ میں ایک ہزار پتنگ ایک ساتھ اڑائی جائیں گی اور نارویجن پاکستانی نوجوان قومی ترانہ پیش کریں گے۔

بچوں کی پریڈ ہوگی اور پاکستان کی تاریخ پر روشنی ڈالی جائے گی۔ پچھلے سال بھی چودہ اگست کے موقع اسی طرح کا پروگرام منعقد ہواتھا جس میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین