• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابھی حکومت ملی نہیں اور عمران خان کے یوٹرن شروع ہوگئے ،چانڈیو

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مقبول نعرے اور100 دن کا پلان صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے تھا،یہ کیسے لوگ ہیں جو کہتے کہ قوم سے کیا گیا 100 دن کے پلان کا وعدے پر اب عمل نہیں ہو سکے گا۔

ایک بیان میں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ابھی تو حکومت ملی ہی نہیں اور عمران خان کے یوٹرن شروع ہو گئے ،قوم آنکھوں سے دیکھے گی100 دن کا پلان سے100 یوٹرن سے زیادہ کچھ نہیں نکلنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے کہا قرضہ نہیں لیں گے اب کہتے ہیں آئی ایم ایف کے قرضے کے علاوہ کوئی چارہ نہیںہےاور حکومت ملنے سے پہلے ہی نجکاری کے لیے قومی اداروں پر نظریں گاڑ دی ہیںتاہم پی آئی اے ہو یا سٹیل ملز، پیپلز پارٹی اور قوم کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کہ عمران خان اور ان کے اعلان کردہ وزیرخزانہ کن کے نمائندے ہیں،جو کام نواز شریف اور اسحاق ڈار نہ کر سکے وہ عمران خان اور اسد عمر کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم قاتل ہے، پھر اب کہتے ہیں ایم کیو ایم ضرورت ہے،پرویز الہیٰ کو سب سے بڑا ڈاکو اور چور کہا اب اسے سپیکر پنجاب بنا رہے ہیں۔

سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ان کو موقعہ ملے اور یہ کام کریں لیکن قوم خود ان کی ادائیں دیکھے گی۔

تازہ ترین