• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کیا ہمارے لئے یہ بھی ممکن نہیں کہ ہم اپنی تاریخ کو درست کر سکیں ۔ اپنی نسلوں کو بتا سکیں کہ قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کا ذمہ دار کون ہے۔ کس طرح پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کوئٹہ سے کراچی جاتی ہوئی سڑک پر ایک ٹوٹی ہوئی ایمبولینس میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔بقول محترمہ فاطمہ جناح”ایمبولینس کا ایک شیشہ ٹوٹا ہوا تھا جس سے مکھیاں بے ہوش قائداعظم کے کھلے ہوئے منہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتی تھیں اور میں انہیں ہاتھ ہلا ہلا کر ہٹاتی تھی“۔کیا واقعی وہ ویران سڑک جس پرخراب ایمبولینس کھڑی تھی وہاں دور دور تک فاطمہ جناح اور ایمبولینس کے ڈرائیور کے سواکوئی نہیں تھا ۔کیا واقعی لیاقت علی خان اسی وقت فرانسیسی سفارت خانے کی ایک تقریب میں کہہ رہے تھے کہ محمد علی جناح بالکل ٹھیک ہیں ۔کیا واقعی محترمہ فاطمہ جناح کو قائد اعظم کی وفات کے بعد تین ماہ کیلئے نظر بند کر دیا گیا تھا؟

لیاقت علی خان کے قتل کے پیچھے کون تھا۔محرکات کیا تھے ان کے قتل کی تحقیقات کرنے والے جسٹس اور ان کی ٹیم اپنی تمام تحقیقاتی فائلوں سمیت جس جہاز میں سفر کررہی تھی اسے مبینہ طور پر ایک راکٹ لانچر کے فائر سے گرادیاگیا۔اس زمانے میں راکٹ لانچر پاکستان میں کن لوگوں کی دسترس میں تھے۔؟لیاقت علی خان کے قتل کے بعد غیر منتخب حکمران ملک پر کیسے مسلط ہوئے ۔جنرل ایوب چیف آف آرمی سٹاف ہوتے ہوئے کیسے وزیر دفاع بھی بن گئے ۔
میجر جنرل سکندر مرزا اور ان کے بعد جنرل ایوب کے ملک پرقبضہ کرنے کے اسباب کیا تھے ۔فاطمہ جناح کے انتخاب کیسے چرائے گئے ۔ ان کی وفات کیسے ہوئی ۔مرنے کے کتنے دنوں بعد پتہ چلا کہ وہ فوت ہوچکی ہیں ۔ ان کے ملازم کے اس بیان میں کس حد تک سچائی تھی کہ ان کے تکیے پر خون کے چھینٹے تھے۔جنرل ایوب نے اس الزام کی تحقیقات کرانے سے کیوں انکار کردیا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو قتل کیا گیا ہے؟ جنرل ایوب نے جاتے جاتے اقتدار ایک اور جنرل ، جنرل یحییٰ کے سپرد کیوں کردیا تھا؟کیا ان دنوں فوجی جنرل پاکستان پر حکومت صرف اپنا حق سمجھتے تھے۔اورپھر پاکستانی تاریخ کا سب سے المناک واقعہ سقوط ڈھاکہ کیوں ہواکیاصرف ہوسِ اقتدارکے لئے۔پاکستان کے جسم کا وہ حصہ جس میں57 فیصد آبادی تھی۔جسے ہم مشرقی پاکستان کہتے تھے۔کیا ان کی عددی اکثریت سے ہم نے روزِ اول سے خوف کھانا شروع کر دیا تھا۔کیوں پہلے ہم نے اپنے چاروں صوبوں کوتوڑ کر ون یونٹ بنایاکیا اس لئے کہ صوبہ مغربی پاکستان بمقابلہ مشرقی پاکستان کھڑا کردیں۔کیا یہ سچ ہے کہ جب ہم نے دیکھا کہ اب بھی جمہوریت کے مسلمہ اصول کے مطابق بالغ رائے دہی پر الیکشن ہوتے ہیں تو مشرقی پاکستانیوں کی تعداد زیادہ ہے توہم نے جمہوریت کا منہ چڑانے کے لئے یہ فارمولا ایجاد کیا کہ دونوں صوبوں سے برابر کی تعداد میں نمائندے منتخب ہوں گے۔یوں 57 فیصد اور 43 فیصد کا حیرت انگیز اصول نکالا گیا۔ مغربی پاکستان کا ایک ووٹ مشرقی پاکستان کے تقریباً ڈیڑھ ووٹ کے برابر شمار کیا جانے لگااور ان غربیوں نے یہ بات بھی قبول کرلی۔پھر جنرل یحییٰ نے مارشل لا لگادیا اور جب مارشل لا کے بعد ملک کے پہلے جنرل انتخابات ہوئے اور مشرقی پاکستان کو واضح کثریت حاصل ہوگئی تو ہم نے وہاں فوج بھیج دی۔بے انتہا قتل و غارت کے بعد بالآخر وہ حصہ ہم سے علیحدہ ہوگیا۔یعنی سچ یہی ہے کہ ہمارے صاحبانِ اقتدار کی ہوسِ اقتدارنے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بننے پر محبور کر دیا تھا۔
ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کیوں ختم کی گئی ۔ ان کا کیوں عدالتی قتل ہوا ۔جنرل ضیا الحق کے اقتدار پر قبضے کی وجوہات کیاتھیں۔اس نے ملک میں کرپشن کو کیوں فروغ دیا۔نظریہ ء ضرورت کی کالک پاکستان کے چہرے پر کیوں اور کیسے ملی گئی ۔جونیجو حکومت کیوں توڑ دی گئی اور اس میں نواز شریف نے کیا کردار اداکیا۔جنرل ضیاء الحق کا طیارہ فضا میں کیوں اورکیسے پھٹ گیا۔محترمہ بے نظیر بھٹو کیسے اقتدار میں آئیں اوران کی حکومت کے 18 مہینوں کے بعد انہیں کیسے صدر غلام اسحق نے ختم کردی۔صدر اسحق کیسے صدر بنے اور مسلسل صدر رہے۔نواز شریف کیسے اقتدار میں لائے گئے اور پھرکیسے اقتدار سے الگ کئے گئے۔پھر محترمہ بے نظیر بھٹو کو حکومت میں کیوں آنے دیا گیا۔وہ کیا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے صدر فاروق لغاری نے اپنی لیڈر محترمہ نے نظیر بھٹو کی حکومت توڑ دی۔نواز شر یف دو تہائی اکثریت سے کیسے منتخب ہوگئے گارگل کی جنگ کیوں ہوئی ۔پرویز مشرف نے کیوں انڈیا سے اپنے شہیدوں کی لاشیں لینے سے انکار کردیااور پھرنواز شریف کی دوتہائی کی اکثریت جنرل پرویز مشرف نے کیسے ہائی جیک کرلی ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کا پس منظر کیا ہے ۔بھٹو خاندان کو کیوں قبروں کا خاندان بنا دیا گیا؟شاہنواز بھٹو کا قتل اور اس کے بعد مرتضی بھٹو کا قتل کیوں ہوا۔دہری نیشنلٹی والے دو وزیراعظم کیوں اور کیسے بنے ۔کیا محترمہ بے نظیر بھٹو نے بحیثیت وزیر اعظم میزائل ٹیکنالوجی سمگل کی تھی یا انڈیا کوخالصتان تحریک کے لئے کام کرنے والے سکھوں کی فہرستیں فراہم کی تھیں ؟پاکستان کیسے مقروض ہوا ۔ قرض میں لئے گئے اربوں ڈالر کہاں چلے گئے ۔ پچھلے 30 برس میں کون کون ارب پتی ہوا۔تاریخ کی آنکھوں سے ابلتے ہوئے بے شمار چھوٹے چھوٹے سوال میں نے درمیان میں چھوڑ دئیے ہیں کیونکہ ہر سوال کی گرہ میں کچھ اور سوال بندھے ہوئے ہیں اور ایک اہم ترین سوال کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستی دشمنی کی کہانی کیا ہے بھارت مسئلہ کشمیر کوکیوں نہیں حل کرتا جب کہ جانتا ہے کہ اسی میں دونوں ممالک کی بقا ہے۔کیا یہ دشمنی دونوں ملکوں کے عوام کیلئے بہت خوفناک نہیں۔ ۔دونوں طرف لوگ کیوں بھوکوں مر رہے ہیں۔دونوں اپنے وسائل صرف کیوں ہولناک سے ہولناک تر اسلحہ تیار کرنے پر پھونک رہے ہیں۔دونوں کیسے عجیب پڑوسی ہیں کہ دونوں کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔بے خوابی دونوں کے اعصاب توڑ رہی ہے۔خدانخواستہ کسی کو اونگھ آگئی اور انگلی ٹریگرپر دبا بیٹھے۔تو پھر کیا ہو گا۔کچھ بھی نہیں بچے گا کیوں دونوں ممالک عوام کے منہ سے نوالے چھین چھین کر ایٹمی قوت بن چکے ہیں اوراس میں مقابلہ جاری ہے۔لوڈ شیڈنگ کے پیچھے کیاکہانی ہے۔ پاکستان نے اچانک اپنی بجلی کہاں استعمال کرنا شروع کردی ہے؟۔
کیا ہم کوئی ایسا عدالتی کمیشن نہیں بنا سکتے ۔ جو ان تمام سوالات کے جواب پوری تحقیق و تفتیش کے بعدسامنے لائے تاکہ پاکستان کے عوام کو مستقبل کے فیصلے کرنے میں کوئی دشواری نہ رہے ۔کیا پاکستانی عوام کا یہ حق نہیں کہ سچائی اس تک پہنچے ۔کیا لوگوں کو ان سوالات کے جوابات بتائے بغیر ہونے والے انتخابات ویسے ہی نہیں ہوں گے جیسے کسی کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسے کہا جائے کہ اب تم نے راستہ بتانا ہے۔
تازہ ترین