پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران اسماعیل جھوٹوں کے سردار ہیں اور یہی خوبی دیکھ کر عمران نیازی نے انہیں سندھ کے گورنر کے کے لئے نامزد کیا ہے۔
صدر پیپلز پارٹی کراچی سعید غنی نے عمران اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران اسماعیل عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ جھرلو کے ذریعے منتخب ہوئے ہوں۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ عمران نیازی، ایم کیو ایم کے زیر سایہ سندھ کو مسخر کرنے میں کامیاب نہیں ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران اسماعیل کراچی کی فکر چھوڑ کر پی ٹی آئی کا گند صاف کریں،بیانیہ ایم کیو ایم کا اور زبان پی ٹی آئی کی ہے، پولیس کو غیرسیاسی کرنے کے اعلان سے پہلے عمران اسماعیل یاد رکھیں گورنر شپ بھی ایک غیر سیاسی عہدہ ہے۔
پیپلز پارٹی کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے لئے نہیں عمران اسماعیل اپنے دوست وسیم اختر کے لئے آمرانہ اختیارات مانگ رہے ہیں، ایم کیو ایم نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنایا صفائی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں صفائی کے لئے سالڈ ویسٹ کا نظام بنایا اور ایم کیو ایم کی بلدیاتی کونسلز نے صفائی کے نظام کی منظوری نہیں دی۔
سعید غنیکا کہنا تھا کہ کراچی کے ڈپٹی میئر نے کہا ہے کہ وسیم اختر نے کراچی کا کچرا صاف نہیں ہونے دیا۔