• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’میں نے شہزادہ ہیری کا فون جھڑک کر بند کردیا تھا‘

برطانوی شہزادے ہیری کے سسر مارکل نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ہیری کا فون جھڑک کر بند کردیا تھا، ہارٹ اٹیک ہوا تو شہزادہ ہیری نے مجھے ٹیلی فون کیا تھا، شہزادے نے اس سے پہلے بھی مجھے فون کیا تھا۔

مارکل نے مزید کہا کہ ہیری نے یاد دلایا تھا کہ اگر میں نے اس کی بات سنی ہوتی تو آج اس حال میں نہ ہوتا، شہزادے کو یہ کہہ کر کہ میرا مرنا تم دونوں کے لیےبہتر ہوتا، میں نے فون بند کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہزادے نے پہلے مجھے خبردار کیا تھا کہ میں میڈیا سے دور رہوں ورنہ قسمت میں رونا ملے گا کیوں کہ میڈیا والے مجھے زندہ کھالیں گے، اس نے صحیح کہا تھا، شاہی جوڑے اور میرے درمیان اختلافات ختم نہیں ہوئے، مہینے گزر گئے، بات نہیں ہوئی، بیٹی میگھن نےکہا تھا شادی کے موقع پر مجھے بولنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔

میگھن کے والد کا کہنا تھا کہ شہزادے سے جھوٹ بولا تھا کہ میں فوٹوگرافر سے ملا ہوا نہیں تھا، ہیری پر غصہ ہے نہ میگھن پر، دونوں سے محبت ہے اور دونوں کے لیے نیک خواہشات ہیں، جہاں تک دیگر باتوں کا تعلق ہے، اسے بھاڑ میں ڈالیں، میں عاجزآگیا ہوں۔

خیال رہے برطانوی اخبار نے انکشاف کیا تھا کہ شہزادے کے سسر نے اپنی تصویروں کے بدلے فوٹو گرافرسے رقم لی تھی جبکہ 74برس کے مارکل نے بیٹی میگھن کی شہزادہ ہیری سے شادی میں شرکت سے گریز کیا تھا اور 37 برس کی میگھن نے شہزادہ ہیری سے شادی کے بعد سے اپنے والد مارکل کو فون نہیں کیا۔

تازہ ترین