• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست سے تعلق نہیں مگر عمران کی خوشی میں جائوں گا

کرکٹر اور اب گلوکار سلمان احمد نے بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے مگرپی ٹی آئی چیئرمین اور متوقع وزیر اعظم عمران خان کے بلانے پر ان کے تقریب حلف برداری میں ضرور شرکت کریں گے۔


بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق سلمان احمد کو عمران خان کی جانب سے ان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تقریب میں جائیں گے۔ اس حوالے سے سلمان احمد کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے قریبی ساتھی اور سابق کپتان عمران خان کی ’پارٹی پاکستان تحریک انصاف‘ میں شمولیت نہ اختیار کرنے پر کسی قسم کا افسوس نہیں ہے۔ خواہ عمران خان کی پارٹی اس سال ہونے والے انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے والی جماعت ہے۔

گلوکار سلمان احمد اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان 35 سال کے عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جبکہ عمران خان کی جانب سے سلمان احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کے لیے چنا گیا تھا۔ سلمان احمد 1985 میں وسیم اکرم اور رمیز راجا کے ہمراہ بنگلادیش کےپہلے دورے پر عمران خان کے ساتھ گئے تھے۔

کرکٹ سےریٹائرمنٹ کے بعد دونوں کرکٹرز الگ الگ شعبوں سے منسلک ہوگئے سلمان احمد نےکرکٹ اور میڈیکل دونوں کو چھوڑ کر مشہور راک بینڈ ’جنون‘ کی بنیاد رکھی جبکہ عمران خان نے سیاست میں شمولیت اختیار کی لیکن اس کے باوجود دونوں ایک دوسرے کے کافی قریب رہے۔

سلمان احمد نے بتایا کہ ان کا سیاست یا عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے مگر پی ٹی آئی کا ترانہ ’نیا پاکستان‘ اور اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے دیگر ترانے سلمان احمد نے گائے ہیں۔

’دی ہندو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا ہے کہ ’میری موسیقی میری سیاست ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بینڈ جنون کی موسیقی کا مقصدہمیشہ نوجوانوں میں شعور بیدار کرنا ہوتا ہے۔ سلمان احمد نے 1996 میں ایک گانا ’احتساب‘ لکھا تھا جو بعد میں پاکستان میں انسداد دہشت گردی کا ترانہ بن گیا تھا۔

سلمان احمد نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے فنکاروں اور کھلاڑیوں کو آپس میں رابطہ رکھنے اور باقاعدگی سے دونوں ممالک کادورہ کرنے کی اجازت بھی دی جائےگی۔

اختتام میں سلمان احمد کا کہناتھا کہ وہ جلد اپنی نئی البم ’دوستی‘  کے ساتھ بھارت جانے کی امید رکھتے ہیں۔

تازہ ترین