• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول ہاؤس کی دیوار گرانا ایجنڈے میں شامل ہے، عمران اسماعیل

تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس کی گرد دیوار گرانا ان کے ایجنڈے میں شامل ہے ، وہ پیپلزپارٹی سےبلاول ہاؤس کی حفاظتی دیواریں گرانے کی بات کریں گے، دیواریں نہ گرائی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے۔

یہ بات پی ٹی آئی رہنما نےکراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہی اور مزید کہا کہ ہمارا جھگڑا ہی کرپشن کے خلاف ہےجو کسی صورت برداشت نہیںاور اگر پارٹی کے کسی شخص کے خلاف ثبوت ملے تو میں خودکارروائی کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ احتساب اور شفافیت کو مکمل کیا جائے، عام آدمی کے مسائل حل کرنے ،پیپلزپارٹی کی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنے کی کوشش ہےجبکہ مراد علی شاہ کے ساتھ اپنا پروگرام شیئر کروں گا۔

نامزد گورنر سندھ نے بتایا کہ سندھ میں بے انتہا مالی بے ضابطگیاں ہوئیں ، وفاق کے بغیر سندھ نہیں چل پائے گا، ہم سندھ کی مدد کررہے ہیں، یقین ہے تمام جماعتیں ساتھ کھڑی ہوں گی جبکہ ہم کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔

سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کا اعلان عمران خان خود کریں گے۔

تازہ ترین