• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں، نوجوت سنگھ سدھو

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزہ جاری ہوگیا ہے، 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، سدھو ویزہ کے حصول کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن پہنچے جہاں انہیں ویزہ جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عمران خان بطور وزیراعظم پاکستان اٹھارہ اگست کو ایوان صدر اسلام آباد میں حلف اٹھائیں گے۔

سابق بھارتی کرکٹر سدھو نے رہنما پی ٹی آئی فیصل جاوید کو فون کیا اور کہا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزا جاری ہوگیا ہے، 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے، جن میں سنیل گواسکر، کپل دیو، اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔

بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا بڑا موقع ہے توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

قبل ازیں بھارتی رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھونے عمران خان کی جانب سے حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ تقریب حلف برادری میں شرکت کی دعوت اعزاز ہے۔

سدھو کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جو دعوت نامہ جاری کیا گیا ہے ان میں درج ہے کہ یہ ہمارے لیے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ آپکو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی بطور وزیراعظم پاکستان حلف اٹھانے کی تقریب میں مدعو کیا جارہاہے، جو کہ اٹھارہ اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، ہماری خواہش ہے کہ اس تاریخی موقع پر آپ موجود ہوں۔

تازہ ترین
تازہ ترین