• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے 71 ویں  یوم آزادی کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز   میں  پرچم  کشائی  کی تقریب منعقد ہوئی ۔

بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا قومی پرچم  لہرایا ۔ اس موقع پر  خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم اور ہماری آئندہ آنے والی نسلیں بھی قیام پاکستان اور پھر  تعمیر پاکستان کے دوران  دی جانے والی قربانیوں کا احسان نہیں  اتار  سکتے۔

  اج ہم دنیا میں  جہاں بھی ہوں ، پاکستان کا پرچم ہمارے لئے فخر کی علامت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے تین اصول اتحاد ایمان اور تنظیم ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔

انہوں  نے پرچم کشائی کی تقریب میں ایک بڑی تعداد میں خواتین وحضرات کی شرکت پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سفارتخانے میں خوش آمدید کہا ۔ سفیر پاکستان نے اس موقع خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا خصوصی شکریہ  ادا کرتے ہوئے   اپنی  یہاں تعیناتی کے ابتدائی دنوں  کو یاد کیا ۔  جب خواتین قومی تقریبات میں کم شریک ہوتی تھیں ۔

نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے اس بات پر بھی  خوشی کا اظہارکیا کہ اس سال سفارتخانے کی جانب سے منعقد کی جانے والی میرا پیارا پاکستان کے عنوان سے تصویری نمائش میں 30 بچوں نے اپنی تصاویر بھیجیں ۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پاکستان کے بارے میں سفارت خانے کی جانب سے وقتا فوقتا فراہم کی جانے والی معلومات کو  بچوں تک ضرور پہنچا یا کریں ۔ اس موقعہ پر  انہوں  نے شرکاء تقریب کو آگاہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان  کی پہل کے ساتھ  چھوٹے بڑے کئی ڈیم بنانے کی بات چل نکلی ہے ۔

اس کیلئے  یہاں  برسلز کے مقامی بینک میں بھی   ایک اکائونٹ کھلوا دیا گیا ہے جس کی تفصیلات سفارتخانے کی ویب سائٹ  پر موجود ہیں  ۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ  انہوں نے  وضاحت  کی کہ کسی شخص کو بھی نقد رقم نہ وصول کرنے کا اختیار ہے نہ ہی عوام کسی بھی شخص کو نقد رقم ادا کر یں

تازہ ترین