• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج کی طرف سے ایک کروڑ پودے لگانے کے جس عزم کا اظہار کیاگیا ہے اس پر عملدرآمد وقت کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ان کی اہلیہ نے ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے جس میں پاک فوج نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے 20لاکھ پودے لگا بھی دیئے ہیں جبکہ پورے ملک میں اس سیزن کے دوران ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ مذکورہ مہم کو سرسبز و شاداب پاکستان کا نام دیا گیا ہے چونکہ یہ مہم فوج کی نگرانی میں شروع کی گئی ہے اس لئے توقع کی جاتی ہے کہ مختلف مقامات پر محض پودے لگانے کو کافی نہیں سمجھا جائے گا بلکہ پوری منصوبہ بندی کے ساتھ پودوں کی حفاظت اور پرورش کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ شجرکاری، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کی تدابیر اور درختوں کی حفاظت اگرچہ سویلین انتظامیہ کا کام ہے تاہم ملک کو تقریباً دو عشروں سے درپیش سنگین صورتحال نے سویلین مشینری کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ قیام پاکستان کے وقت سے ملک بھر میں سرکاری اداروں، فلاحی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کی جانب سے پودے لگائے جاتے رہے ہیں۔ ان پودوں کی حفاظت و پرورش پر اگرچہ پہلے بھی بہت زیادہ توجہ نہیں جاتی تھی مگر پچھلے برسوں کے دوران اس باب میں مجرمانہ حد تک غفلت سے کام لیا گیا جبکہ درختوں کی کٹائی اور بڑے پیمانے پر چوری سے بھی ماحولیاتی آلودگی بڑھی، بارشوں کا معمول متاثر ہوا اور پانی کی کمیابی کی صورت میں زراعت و صنعت کے مسائل میں اضافہ ہوا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کے تمام محکمے، سیاسی جماعتیں این جی اوز اور طلبہ تنظیمیں اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ایسا طریقہ اختیار کریں کہ پودے بحفاظت نشوونما پاکر درختوں کا روپ دھارتے رہیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہم ماضی کی طرح سڑکوں کے اطراف ایسے درخت زیادہ تعداد میں لگائیں جو سایہ دار، پھلدار اور خوش نما ہونے کے علاوہ ملکی دولت میں اضافے کا ذریعہ بھی بنیں۔


اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین