• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتقال اقتدار کا مرحلہ شروع، پنجاب اسمبلی کے361نومنتخب اراکین آج حلف اٹھائینگے

لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب میں عام انتخابات 2018ء کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد صوبے میں انتقال اقتدار کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس آج صبح 10بجے سپیکر رانا محمد اقبال خاں کی صدارت میں شروع ہو گا۔ پنجاب اسمبلی کے 361 نومنتخب اراکین رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ سپیکر رانا اقبال خاں نومنتخب ایم پی ایز سے حلف لینے کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخابی شیڈول کا اعلان کریں گے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے کاغذات نامزدگی آج ہی 15اگست کو وصول کئے جائیں گے ۔کل 16اگست کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی کا انتخاب ہو گا۔ نومنتخب اراکین خفیہ رائے شماری سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا چنائو کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ (قائد ایوان) کا انتخاب ڈویژن کے طریقہ انتخاب کے تحت ہو گا۔ گزشتہ روز سپیکر رانا اقبال خاں کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں نومنتخب اراکین کی رہنمائوں اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آج اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ہوں گے۔ نومنتخب اراکین حلف اٹھانے کے بعد سپیکر کے سامنے حاضری رجسٹر پر دستخط کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نے سپیکر کیلئے چودھری پرویز الٰہی اور ڈپٹی سپیکرکیلئےسردار دوست محمد کھوسہ کوجبکہ مسلم لیگ (ن) کے چودھری محمد اقبال اور قائد ایوان کیلئے میاں حمزہ شہباز کو امیدوار نامزد کیا۔ پاکستان تحریک انصاف قائد ایوان اور مسلم لیگ (ن) ڈپٹی سپیکر کے امیدواروں کا آج پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاسوں کے بعد اعلان کریں گی۔ چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے آج پارلیمانی اراکین کیلئے پنجاب اسمبلی میں ناشتہ کا خصوصی اہتمام کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جس میں چودھری پرویز الٰہی اور دیگر سرکردہ اراکین سے مشاورت کے بعد پنجاب کے قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے چنائو کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ 
تازہ ترین