اسلام آباد(نمائندہ جنگ، خبرایجنسی)امریکی وزیر خارجہ،برطانوی ہائی کمشنراور جرمن سفیر نے یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے جبکہ ایران کے رہبر اعلیٰ اور بھارتی ہائی کمیشن نے بھی 14اگست پر پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق امریکی وزیرخارجہ پومپیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ سلامتی، استحکام اور جنوبی ایشیا کی ترقی جیسے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اہل پاکستان اور حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے 14اگست کے موقع پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کی ، پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی قوم کے نام ایک پیغام میں کہا کہ تمام اہل پاکستان کو پاکستان کی سالگرہ مبارکباد ہو پاکستان زندہ باد۔ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو یوم آزای کے موقع پر نیک خواہشات کا پیغام دیا۔پاکستان میں متعین جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ جرمن حکومت اور میری جانب سے پاکستان کی پوری قوم کو جشن آزادی اور نئی حکومت مبارک ہو۔