نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت پیر20 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔
آج ہونے والی سماعت میں تفتیشی افسرمحبوب عالم کابیان ریکارڈکیاگیا،آئندہ سماعت پربیان مکمل کرائیں گے۔
عدالت نے سربراہ جے آئی ٹی واجد ضیا کو بھی 20 اگست کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق آج نوازشریف کوبکتربندکےبجائےبلیک کلرکی لینڈکروزرمیں لایاگیا اور ان کواحتساب عدالت کےمین گیٹ سےاندرلےجایاگیا۔
دوسری جانب ن لیگی کارکنوں نے بکتربندگاڑی کوگھیرے میں لے لیا جبکہ ایک کارکن بکتر بند گاڑی پر چڑھ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب عدالت میں نواز شریف کے استقبال کو آنے والے کارکنوں سے نمٹنے کے لئےانتظامیہ نے یہ حکمت عملی بنائی کہ ایک بڑے قافلے میں بکتر بند گاڑی کو فرنٹ گیٹ سےلایا گیاجب کہ نواز شریف کو سیاہ گاڑی میں عقبی دروازے سے عدالت پہنچایا گیا۔
واضح رہے 13 اگست کو ہونے والی سماعت کے دوران بھی نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے مختصر سماعت کے بعد دونوں ریفرنسز کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی تھی۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے نواز شریف کو جس طرح عدالت میں پیش کیا اس پر احتجاج رکارڈ کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام دیا ہے۔
حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی لاہور کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب میں اکثریتی جماعت ہے،ایک شخص جس کو عدالت نے نااہل کیا وہ لوگوں کو جہاز میں لیے پھرتا تھا،نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے آغاز ہی خرید وفروخت سے کیا ہے ۔