• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے ،ایک ڈورسے قومی پرچم والی سو پتنگیں اڑانے مظاہرہ


جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ایک نارویجن پاکستانی محمد اعجازالحق نے ایک ڈور کے ساتھ پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں والی ایک سو پتنگیں ایک ساتھ اڑا کر سب کو حیران کردیا۔وہ ناروے میں سائنس ٹیچر ہیں۔

جشن آزادی کی یہ تقریب سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام دارالحکومت کے ’’اکے برگ‘‘ گراؤنڈ میں کھلی فضا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران سفیر پاکستان ظہیرپرویز خان کے خطاب کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محترمہ زیب طیب عباسی نے صدر پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

پتنگ بازی کا یہ منفرد مظاہرہ صبح لے کر شام تک جاری رہا۔ لوگ بڑے شوق سے اسے دیکھتے رہے۔ ایک طرف ایک ڈور پر سبزہلالی پرچم سے مزین پتنگیں تھیں تو دوسری ڈور کے ساتھ ایک سو پتنگیں ناروے کے جھنڈے کے سرخ اور سفید رنگوں پر مشتمل تھیں۔

پتنگ باز محمد اعجازالحق نے بتایاکہ اس کامیاب تجربے کے پیچھے ان کی کئی سالوں کی محنت اورپے درپے تجربات ہیں۔ اب انہیں دنیا کے مختلف ملکوں سے دعوتیں آرہی ہیں۔ وہ اس سے قبل اسلام آباد ایف نائن کے فاطمہ جناح پارک میں بھی اس فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

تقریب کے آغاز سے قبل نارویجن پاکستانی بچوں نے پاکستانی جھنڈے لہراتے ہوئے مارچ کیا جس کی قیادت بزرگ شخصیات صوفی محمد انور، پروگرام کے کوآرڈی نیٹرسلطان حمزہ اعوان، پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز، چودہ اگست کمیٹی کے عامرجاوید شیخ، صوفی محمد اکرم و سفارتخانہ پاکستان کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن مس زیب طیب عباسی نے کی۔

تقریب کے دوران نظامت کے فرائض ناصرعلی اعوان اور ایک خاتون نے انجام دیئے۔ سفیرپاکستان ظہیرپرویز خان نے خطاب میں نارویجن پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتفاق و اتحاد کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں اور ایمانداری اور صداقت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انھوں نے تمام پاکستانیوں کومبارکباد دی اور کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ ناروے کے پاکستانی انتہائی محب وطن ہیں اور اس تقریب میں ان کی بھرپور شرکت اس بات کا مظہر ہے۔

تقریب کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کوان کی نمایاں کارکردگی پر شیلڈز پیش کی گئیں۔

کھلے میں میدان میں اس تقریب کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔ نارویجن پاکستانی فلاحی ادارے ’سکون‘ کا اسٹال بھی توجہ کا مرکز تھاجس کے سربراہ شاہد جمیل نے بتایاکہ ان کی تنظیم پاکستان میں معذروں کو مفت ویل چیئرز فراہم کررہی ہے اور بے روزگار افراد کو مختلف شعبوں کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ انہیں روزگار کے حصول میں آسانی رہے۔

تقریب کے دوران مختلف تنظیموں کے رہنما موجود تھے جن میں پاکستان یونین ناروے کے رہنما چوہدری قمراقبال اور پاکستان ورکرز ویلفیئریونین کے خالد محمود اور فضل حسین خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

تقریب کے اختتامی مرحلے پر پاکستانی گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کرکے شرکا کے جذبات کو گرمانے کی کوشش کی۔

تازہ ترین