• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون کا طیارے میں رقص ،سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی سامنے آگیا

پی آئی اے کے طیارے میں غیر ملکی خاتون کا پاکستانی پرچم کے ساتھ رقص کرنے کے معاملے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹر عتیق شیخ نے جمع کرادیا ہے۔

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ غیر ملکی خاتون کا طیارے میں رقص سیکورٹی انتظامات پرسوالیہ نشان ہے، ویڈیو سےصاف ظاہر ہے کہ غیرملکی خاتون پی آئی اے کے دو طیاروں میں داخل ہوئیں جو پی آئی اے اور سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کی غفلت ہے۔

نوٹس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایوان کو بتائے کہ پی آئی اے کے متعلقہ افسر ان کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 13 اگست کو پی آئی اے کے طیارے میں پاکستانی پرچم تھامے غیر ملکی خاتون کی رقص کرتی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون پی آئی اے کے طیارے کے اندر اور باہر رن وے پر ’کی کی چیلنج‘ کی طرزپر رقص کر رہی ہے۔

طیارے میں خاتون کے رقص کی ویڈیو کے حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ویڈیو پارکنگ میں کھڑے طیارے میں فلمائی گئی لیکن اس سے ایئرلائن انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

تازہ ترین