• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاسم خان سوری183ووٹ کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر منتخب

تحریک انصاف کے امیدوار قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ، انہوں نے 183 جبکہ اپوزیشن کے امیدوار اسعد محمود الرحمان نے 144 ووٹ حاصل کیےجبکہ انتخاب کیلئے 328 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے ایک ووٹ مسترد ہواہے۔

ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے پر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں، اسعد محمود نے جمہوری انداز میں مقابلہ کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ ووٹ دینے والوں کا بھی شکر گزار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا تعلق بلوچستان سے ہے جہاں الیکشن کے دن بے گناہ لوگ شہید ہوئے لیکن دہشت گردی کے باوجود بلوچستان کی عوام نے ووٹ کاسٹ کیا،بلوچستان نے گیس دی لیکن افسوس اسے صرف کالونی کی طرح ڈیل کیا گیا اور نفرتیں پھیلائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے صوبے کو حقوق دلوائیں گے، امن لائیں گے، اپنے ناراض بھائیوں کو قومی دھارے میں لائیں گےتاہم بلوچستان کی محرومیوں کو تحریک انصاف دور کرے گی۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے،اسپیکر کے انتخاب میں330 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے اسد قیصر کو 176، خورشید شاہ کو 146 ووٹ ملے تاہم 8 ووٹ مسترد ہوئےتھے۔

تازہ ترین