• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیتھرو ائرپورٹ پر پاسپورٹ کی قطاروں کا وقت ڈھائی گھنٹے تک پہنچ گیا

لندن(پی اے) گذشتہ ماہ ہیتھرو ائرپورٹ پاسپورٹ کنٹرول پر تاخیر کے سبب مسافروں کو دو ڈھائی گھنٹے تک قطاریں لگانا پڑیں، یہ انکشاف اعداد و شمار سے ہوا ہے، جولائی میں 31میں سے 30دنوں کیلئے بارڈر فورس یورپین اکنامک ایریا کے باہر کے 95 فیصد سیاحوں کے لئے 45 منٹ یا اس سے کم وقت انتظار کے اہداف پورے نہ کرسکی۔ اعداد و شمار حاصل کرنے والی ورجن اٹلانٹک نے کہا ہے کہ مسافروں کو مایوسی کا سامنا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس موسم گرما میں ہیتھرو پر 2سو کا اضافی سٹاف متعین کررہی ہے۔ ورجن اٹلانٹک کے سربراہ کریگ کریجر نے کہا کہ جب کہ یہ طے کیا جاچکا ہے کہ سیکورٹی اور سیفٹی ایک ترجیح ہے، برطانیہ کے مقابلے میں دوسرے ملکوں نے اپنی سرحدوں کو بہتر طریقے سے سنبھالا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بارڈر فورس قطاروں کے اس ناقابل قبول انتظار کو دور کرنے کے لئے کارروائی کرسکتی ہے۔ اس وقت جب برطانیہ کو دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ تجارت کے لئے کھلا ہے حکومت اور بارڈر فورس کو ہر سیاح کے لئے بڑا اور پہلا تاثر فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین ، ای ای اے اور سوئٹزرلینڈ کے شہری ہیتھرو کے پاسپورٹ کنٹرول کے الیکٹرونک گیٹس استعمال کرسکتے ہیں تاہم دوسرے ملکوں کے سیاح اپنے پاسپورٹس بارڈر فورس کے اہلکار سے چیک کرائیں۔
تازہ ترین