• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریل کے مسافروں کے اطمینان میں کمی برقرار رہنے کا انکشاف

لندن (پی اے) ریل کے مسافروں کے اطمینان میں کمی برقرار ہے۔ یہ انکشاف نئے اعداد و شمار سے ہوا ہے۔ پچھلے عشرے میں وقت کی پابندی اور بھروسے کے حوالے سے مسافروں کے اطمینان میں کمی آئی۔ 2008کے موسم بہار میں مطمئن لوگوں کی تعداد79فیصد تھی جو2018کے موسم بہار میں73فیصد رہ گئی۔ کنزیومر گروپ وچ؟ کی جانب سے ٹرانسپورٹ فوکس سروے کے نتائج کے تجزیے کے مطابق مسافروں میں کمی کا عمل اس سے زیادہ تیز ہے اور یہ72فیصد سے کم ہوکر62فیصد رہ گیا ہے اور ریل کی صنعت پر اعتماد گزشتہ چھ برس کے کم ترین پوائنٹ کو پہنچ رہا ہے۔ گزشتہ ماہ صرف23فیصد افراد نے کہا کہ انہیں ریل فرموں پر اعتماد ہے جو جولائی2017کے مقابلے میں6فیصد پوائنٹس کم ہے۔ ریلوے ریگولیٹڈ کرایوں میں اضافے کا اعلان کل کیا جائے گا۔ وچ کے چیف ایگزیکٹو پیٹر وکاری سمتھ نے کہا کہ مسلسل خراب سروس، تاخیر، منسوخیوں اور معاوضہ حاصل کرنے میں دشواریوں کے باعث یہ امر حیرت انگیز نہیں کہ ریل کی صنعت پر اعتماد مسلسل کم ہورہاہے۔ مسافر کرایوں میں اضافے کے بدلے اطمینان میں اضافے کی توقع رکھتے ہیں۔ ریل ڈلیوری گروپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس حالیہ بگاڑ پر اظہار افسوس کرتے ہیں، جس کا سامنا ہمارے کچھ کسٹمرز کو ہوا۔ بہتری کی کوششیں جاری ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ترجمان نے کہا ہے کہ انتہائی شدید موسم اور ہڑتال کے باوجود اس سال کے ٹرانسپورٹ فوکس سروے کے مطابق ہر دس مسافروں میں8 سے زائد مسافر ان ہی ریل سروسز سے مطمئن ہیں ہم جانتے ہیں کہ ابھی مزید اقدامات باقی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وکٹورین ٹائمز سے لے کر اب تک ریل کو جدید بنانے کے پروگرام کے لیے سرمایہ کاری کررہے ہیں، جس کا مقصد مسافروں کو زیادہ موثر سروسز فراہم کرنا ہے۔
تازہ ترین