• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی دوبارہ اسپیکرسندھ اسمبلی منتخب

کراچی ‘پشاور( اسٹاف رپورٹر‘این این آئی) سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے بدھ کو ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی96ووٹ لیکر دوبارہ اسپیکرسندھ اسمبلی اور ریحانہ لغاری 98 ووٹ لیکر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں‘ ان کے مدمقابل اپوزیشن کی جانب سے نامزد کردہ اسپیکر کے امیدوار جاوید حنیف 59 اور ڈپٹی اسپیکر کی امیدوار رابعہ اظفر 59 ووٹ لیکر شکست کھاگئیں‘ دوسری جانب تحریک انصاف کے مشتاق غنی 81 ووٹ لے کر خیبر پختو نخوا اسمبلی کے اسپیکراور محمود جان78 ووٹ لیکربھاری اکثریت سے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔بدھ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کی سربراہی میں شروع ہوا۔ اسپیکر کے لیے پیپلزپارٹی کے رہنما سراج درانی اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف مدمقابل تھے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے نتیجے میں آغا سراج درانی ایک مرتبہ پھر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔ اسپیکر کے انتخا ب میں 158ووٹ کاسٹ ہوئے، آغا سراج درانی کو 96جبکہ جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے جبکہ 3 ووٹ مسترد ہوئے، تحریک لبیک پاکستان کے تینوں ارکان یونس سومرو، محمدقاسم اور ثروت فاطمہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا‘تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جی ڈی اے کے عارف جتوئی ایوان سے غیرحاضرتھے۔اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی‘ بعدازاں آغا سراج درانی سے پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی نے حلف لیا۔ان کے حلف اٹھاتے ہی ایوان جیالوں کے نعروں سے گونج اٹھا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے مشتاق غنی 81 ووٹ لے کر خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور محمود جان 78 ووٹ لیکر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکرکے امیدوارلائق محمد اورڈپٹی اسپیکرکے امیدو ا ر جمشیدخان نے بالترتیب 27ووٹ اور30ووٹ حاصل کئے۔ا سپیکرکے انتخابی عمل کاآغازپریزائیڈنگ آفیسر سرداراورنگزیب نلہوٹھہ کی صدارت میں ہوا‘چترال کے حلقہ پی کے ون سے ہدایت الرحمن نے پہلاووٹ کاسٹ کیا ،انتخابی عمل کے آخرمیں ایم ایم اے کے اقلیتی رکن رنجیت سنگھ نے اپناحق رائے دہی استعمال کیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کاعمل شروع ہوا ،گنتی کے بعد پریزائیڈنگ افیسر سرداراورنگزیب نے مشتاق غنی کو کامیاب قراردیا، انہوں نے 81اورمدمقابل لائق محمد نے27 ووٹ حاصل کئے، مشتاق غنی کواسپیکرکاخصوصی گائون پہنایا گیا اورپریزائیڈنگ آفیسر اورنگزیب نلہوٹھہ نے نئے اسپیکرسے حلف لیا۔بعدازاں ڈپٹی اسپیکر کیلئے پولنگ شروع ہوئی جس کے اختتام پرا سپیکر مشتاق غنی نے نتائج کااعلان کردیا ،جس کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار محمودجان نے 78ووٹ جبکہ انکے مدمقابل امیدوار جمشید خان نے30 ووٹ حاصل کئے، ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پر سپیکر مشتاق غنی نے محمودجان سے حلف لیا۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوااسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے108اراکین نے اپناحق رائے دہی استعمال کیا جس میں سے کوئی ووٹ مستردنہیں ہوا ،آزادامیدوار محمددیدار اور پی پی کی نگہت اورکزئی نے اسپیکرصوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ نہیں کیاجبکہ ڈپٹی سپیکرشپ کیلئے کل109ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے ایک مستردہوا۔

تازہ ترین