• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمبلی میں انتخابی دھاندلی کا جواب لیکر رہیں گے، نوازشریف اور مریم عید اپنوں کے ساتھ منائیں گے، میرا بیانیہ سب جانتے ہیں، شہبازشریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/نیوز ایجنسیز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے نوازشریف اور مریم نواز جلد رہا ہوکر جیل سے باہر ہونگے، سابق وزیراعظم اور انکی صاحبزادی عید الضحیٰ اپنے لوگوں کیساتھ منائینگے، میرا بیانیہ سب جانتے ہیں، نوازشریف نے پارلیمنٹ میں بھر پور کردار ادا کرنیکی ہدایت کی ہے۔ بدھ کو سابق وزیر اعظم سے احتساب عدالت میں ملاقات کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو اور پارلیمنٹ ہائوس کے باہر خواجہ آصف و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا انتخابات میں الیکشن کمیشن اپنے فرائض انجام دینے میں بری طرح ناکام رہا ہے، اپنے قائد کی ہدایت پر پارلیمنٹ میں بھر پور کردار ادا کرینگے ، جمہو ریت کی شمع روشن کرنے کیلئے پارلیمان آئے ہیں اور دھاندلی زدہ الیکشن کو بے نقاب کرینگے، اسمبلی میں الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کا جواب لے کر رہیں گے، ملکی اورغیرملکی اخبار ات اس پر اتفاق کر رہے ہیں کہ الیکشن دھاندلی کی وجہ سے آزادی کو خوشی سے نہیں منا سکے، موجودہ الیکشن سب نے زیادہ متنازعہ ترین الیکشن بن چکا ہے، 2013 میں عمران خان کیلئےہر چار حلقوں کو کھولاگیا سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایاگیا اور اس میں ثابت ہوا الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اس وقت عمران خان اور حکومت کے درمیان معاہدے میں لکھا تھا اگر دھاندلی ثابت ہو جائے تو حکومت مستفیٰ ہو جائیگی اب دیکھیں کے عمران خان اپنے معاہدے کو پورا کرتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں،سابق وزیر اعظم کو گزشتہ سماعت پر جس طرح عدالت میں پیش کیا گیا اس پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کو جیل بھیجا گیا اس پر پورے پاکستان نے احتجاج کیا، یہاں پربھی انتہائی منظم طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے شکوہ کیا جیسا سلوک نوازشریف سے روا رکھا گیا، کسی دہشت گرد سے بھی نہیں کیا گیا، ٹرائل کورٹ نے نواز شریف اور مریم نواز کو کریشن کیس سے کلیئر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن اجلاسوں میں متفقہ فیصلہ ہوا کہ وزیراعظم کا امیدوار مسلم لیگ ن، اسپیکر کا پیپلزپارٹی جبکہ ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اےسے ہوگا، مسلم لیگ ن اس پر قائم ہے اور فیصلے کی پاسداری کریگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے اپوزیشن لیڈر ہمارا حق ہے، شہبازشریف نے نواز شریف کیخلاف جاری عدالتی کارروائی دیکھی، مسلم لیگ( ن) کے صدر شہبازشریف سابق وزیر اعظم کی پیشی پر احتساب عدالت پہنچ گئے تو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کارکنوں نے انکو گھیر لیا اور انکے حق میں نعرے لگائے۔ دریں اثناء جب نوازشریف کی نیب ریفرنسز میں پیشی کیلئے احتساب عدالت پہنچایا گیاتواس موقع پر شہبازشریف نے احتساب عدالت کے اندر جانے کی کوشش کی مگر پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا اس پر ن لیگ کے کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ ہو گئی، شہباز شریف نے کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا، تاہم بعد میں پولیس اہلکاروں نے عدالت کے اندر جانے کی اجازت دیدی۔

تازہ ترین