• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز کے نام پر (ن) ، پی پی کا اختلاف برقرار

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو تبدیل کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمن اور بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹوز رداری کا کہنا ہے کہ نام تبدیل کرانے کی کوشش کریں گے جبکہ ن لیگ کا وفد اس سلسلے میں آصف زرداری سے ملے گا۔ لیگی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا فیصلہ مشترکہ اپوزیشن گرینڈ الائنس میں کیا گیا تھا ، پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کو اس فیصلے کی پابندی کرنی چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ، (ن) لیگ کے فیصلے بلاول بھٹو کرینگے تو پیپلز پارٹی کے فیصلوں کا اختیار شہباز شریف کو دے دیں۔ مشاہد اللہ خان کے مطابق پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کو تبدیل کرنے کی بات کی ہے، اگر پیپلز پارٹی نے فیصلہ تبدیل نہ کیا تو چیئرمین سینیٹ بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بھی تبدیل ہونا چاہئے، اپوزیشن لیڈر کا عہدہ اکثریتی پارٹی کو ملنا چاہئے۔

تازہ ترین