پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہورہا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان آج اپنے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے، اس مقصد کے لیے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کےعہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری محمد اقبال امیدوار ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے سردار دوست محمد مزاری اور ن لیگ کے محمد وارث شاد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا، بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں نے اسپیکر کے لیے قدوس بزنجو اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے سردار بابر موسیٰ خیل کو امیدوار نامزد کیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے اب تک نام سامنے نہیں آئے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نام زدگی آج دوپہر 12بجے تک جمع اور ڈھائی بجے تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔
پولنگ کے لیے بلوچستان اسمبلی کی کارروائی اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں سہ پہر 3بجے شروع ہو گی۔
نومنتخب ارکان آج نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ خفیہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے، نتائج کا اعلان بھی آج ہوگا، جس کے بعد نومنتخب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر آج ہی حلف اٹھا ئیں گے۔