• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب ،ن لیگ کے12ووٹ ٹوٹ گئے،پرویز الٰہی201ووٹ لیکر اسپیکر منتخب،ن لیگ کو اپنے159میں سے147ووٹ ملے،ڈپٹی اسپیکر کیلئے ن لیگ کے ووٹ پورے

لاہور (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 12 ووٹ ٹوٹ گئے‘ تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور میر دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں ‘اسپیکر کے چنائو کے لئے 349ووٹ ڈالے گئے جس میں چوہدری پرویز الٰہی 201ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اقبال کو 147ووٹ ملے اور پی ٹی آئی کی خاتون رکن شمسہ علی کا ووٹ منسوخ قرار دے دیا گیا۔پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ ڈپٹی اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری نے 187ووٹ اور ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے ملک وارث کلو نے 159ووٹ لئے۔ڈپٹی اسپیکر کے لئے ن لیگ کے ووٹ پورے نکلے‘ا سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ طریقہ انتخاب کے تحت ہوا۔ سبکدوش ہونے والے سپیکررانا محمد اقبال خاں نے اسپیکر پرویز الٰہی سے حلف لیا جبکہ ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری سے اسپیکر پرویز الٰہی نے حلف لیا۔اس موقع پر ن لیگ کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اوراسپیکر کے ڈائس کا گھیرائو کر کے نعرہ بازی شروع کر دی۔چوہدری پرویز الٰہی نے کامیابی کے بعداپنے خطاب میں کہاکہ تمام اراکین کے ساتھ انصاف کروں گا اور ایوان کو افہام و تفہیم کے ساتھ مل کر چلائیں گے‘پنجاب کے عوام کو اپوزیشن کے شور شرابے کا جواب کارکردگی دکھا کر دیں گے‘پرویز الہٰی نے مسلم لیگ ن کے ارکان کے احتجاج پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بولنے دیں، انہیں زخم زیادہ لگ گئے ہیں۔یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ اراکین کی تعداد 186 تھی اور تین آزاد ارکان ملا کر دونوں جماعتوں کے ووٹوں کی مجموعی تعداد 189 تھی تاہم چوہدری پرویز الہی نے 12 ووٹ زیادہ حاصل کیے۔تفصیلات کے مطابق ا سپیکر رانا اقبال خاں کی صدارت میں ہونے والے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں رائے شماری کے دوران مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے جارحانہ انداز اپنایا اور وقفے وقفے سے اعتراضات اٹھا کر پولنگ میں رکاوٹ ڈالی۔ا سپیکر کے نتائج کا اعلا ن ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے اسپیکر کے سامنے ڈائس کاگھیرائوکیا ‘ سیکریٹری اسمبلی کی میزپر چڑھ کر زبردست نعرے بازی کی اورمیاں نوازشریف کی تصاویر لہرا کر زبردست احتجاج کیا، چور چور ڈاکو ڈاکو، کل کا ڈاکو آج کا ساتھی پرویز الٰہی، گو عمران گو ، ووٹ کو عزت دو کے نعرے تک کے جواب میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے ممبرا نے تیرا بھائی میرا بھائی پرویز الٰہی پرویز الٰہی، گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے کے نعروں سے ایوان کافی دیر تک گونجتا رہا۔ سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کے احتجاج اور گھیرائو کے دوران ہی نومنتخب اسپیکر پرویز الٰہی سے حلف لے کر انہیں کرسی صدارت پر بٹھا دیا۔

تازہ ترین