• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب اجلاس،خواجہ آصف ،کیپٹن صفدر،علیم خان اور دیگر کے خلاف انکوائریاں ہونگی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف، کیپٹن(ر) صفدر اور علیم خان کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی۔ جبکہ چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان کیلئے کاوشیں کررہے ہیں۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے نیب نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانون کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاقی وزیر بابر خان غوری اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر 974 بھرتیاں کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو تقریباََ 2 ارب اور85 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس نے سکندرعزیز اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر کنٹونمنٹ بورڈ پشاور بورڈ کی زمین پر جعلی کاغذات کی بنیاد پر قبضہ کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف اور دیگرکے خلاف ا نکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طورپر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریباََ 3668.671 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس نے صوبائی ورکس ویلفیئر بورڈ پنجاب ،سندھ و بلوچستان کے افسروں/ اہلکاروں کے خلاف ا نکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرا ختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میٹرک ٹیک پراجیکٹ میں آلات کی خریداری میں خورد برد کا کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو تقریباََ 100 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسروں/ اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر ملتان سکھر موٹر وے کا ٹھیکہ دیا۔جس سے قومی خزانے کو 259.352 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز ساحل پرائیویٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ اور ریونیو افسروںو اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزموں پر مبینہ طور پر سرکاری زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اس کے مبینہ طور پرغیر قانونی طریقے سے کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاق وزیر برائے ریلوے / صوبائی وزیر برائے آبپاشی سندھ ظفر علی لغاری اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر بدعنوانی اور سرکاری زمین پرقبضہ کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو تقریباَ 574َ ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے اسپیشل اسسٹنٹ برائے وزیر اعلٰی سندھ بھلاج مل کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو تقریباََ ایک ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

تازہ ترین