• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کیس،الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکیل کو نوٹسز جاری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کی انٹرا کورٹ اپیل پر الیکشن کمیشن اور اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے یہ تو شفافیت کیلئے اچھا ہے کہ کوئی بھی شہری درخواست دیکر پارٹی کی معلومات حاصل کر لے۔ ہر پارٹی کے معاملات صاف اور شفاف ہونے چاہئیں۔ آپکی پارٹی صاف و شفاف ہے تو آپ کیوں گھبرا رہے ہیں؟ باقی معاملات میں آپ کو الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے مگر اس کیس میں نہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے تحریک انصاف کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کیخلاف درخواست مسترد کرنے کے عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر انور منصور پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن پر جانبدارانہ انداز میں کارروائی آگے بڑھانے، اکبر ایس بابر کو ترجیح دینے پر اعتراض کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پارٹی اکائونٹس اور عطیات کی چھان بین کرنے والی کمیٹی بھی اکبر ایس بابر کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ پارٹی کو اکائونٹس کی جانچ پڑتال پر کوئی اعتراض نہیں مگر اکبر ایس بابر کو اس عمل میں شامل نہ کیا جائے۔
تازہ ترین