پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دوست سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے آج پاکستان پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق سدھو براستہ واہگہ بارڈر آج لاہور پہنچیں گے جس کے بعد شام 5 بجے تک ان کی اسلام آباد آمد متوقع ہے جہاں ان کی نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے 3 بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی، تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی ۔
دوسری جانب سدھو نے بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اس تقریب میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز کا باعث قرار دیا ۔