• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بد ترین دھاندلی کے نتیجے میں عمران خان یہاں پہنچے ہیں، شہبازشریف

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تاریخ کی بد ترین دھاندلی کے نتیجے میں عمران خان یہاں تک پہنچے ، 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ متنازع انتخابات تھے۔

قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں پورے پاکستان سے پولنگ ایجنٹس کو نکال کر گنتی کی گئی ، یہ کیسا الیکشن تھا رات 11 بجکر47منٹ پر آر ٹی ایس بند کر دیا گیا،پورے ملک میں دھاندلی زدہ الیکشن کا شورہےجبکہ الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری ادا کرنے میںمکمل ناکام ہواہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیشن کے ذریعے انتخابی دھاندلی میں ملوث افراد کا پتا لگایا جائے،یہ پہلا الیکشن ہے جہاں جیتنے والا بھی رورہا ہے اورہارنے والا بھی رورہا ہے،یہ کیسا الیکشن تھا جس کوپوری قوم نے مسترد کردیا،جس میں 16 لاکھ ووٹ مسترد ہوئے،جہاں 3دن تک الیکشن کےنتائج نہیں آئےجبکہ متعدد حلقے ایسے تھے جہاں مسترد ووٹوں کی تعداد جیت کے مارجن سے زیادہ تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارم 45 کے بجائے پرچیوں پر نتائج دئیے گئے،دیہاتوں کےنتائج پہلے آئے اور شہروں کے48 گھنٹے تک نہ آئے، میڈیاکو پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، اگرپاکستان میں خوشحالی چاہتے ہیں تودھاندلی کا پتا لگانا ہوگا تاہم انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔

دوسری طرف اسمبلی میں شہبازشریف کے خطاب کے دوران ایوان میں شورشراباجاری رہا جہاں تحریک انصاف کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور نعرےبھی لگائے۔

تازہ ترین