• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کوسیاسی رہنمائوں و کرکٹرز کی جانب سے تہنیتی پیغامات

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہوتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں سمیت کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات کی جانب سے مبارکبادکی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب سے ایک جمہوری عمل مکمل ہوا اور حکومت کا اصل امتحان اب شروع ہوگیا ، حکومت اپنے منشور کی طرف توجہ دے ،عوام سے کیے وعدوں کو پورا کرے جبکہ ہم مخالفت برائے مخالفت پر یقین نہیں رکھتےتاہم توقع ہے کہ آئین، قانون، پاکستان کے نظریے کو ہر چیز پر مقدم، قومی اداروں کو مضبوط اور مستحکم کیا جائے گا.

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے پیغام میں عمران خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے بھی ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان کا 1997 میں شروع ہونے والا سفر آج زبردست کامیابی کے ساتھ مکمل ہوااور ساتھ ہی پاکستان کو مبارک ہو، وزیراعظم عمران خان کو مبارک ہو بھی لکھ دیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے وزیراعظم منتخب ہونے پر عمران خان کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ عمران خان ریلیف کے منتظر عوام کی امنگوں پر پورا تریں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقاریونس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اللہ آپ کی حفاظت کرے کپتان، عمران خان کو ہمارے خوب صورت ملک پاکستان کا 22 واں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک ہو،پوری دنیا میں موجود ہر پاکستانی آپ کے لیے دعا گو ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان نے ایسا خطاب کیا جس کو ہر پاکستانی نہ صرف سننا چاہتا تھا بلکہ اس کی ضرورت بھی تھی،آج ہماری قوم کے لیے تاریخی دن ہے، اس دن کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔

قومی آل رائونڈر محمد حفیظ نے بھی ٹویٹرپیغام میں نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کو پاکستان کا 22 واں عمران خان بننے پر مبارک ہو اور ڈھیر ساری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

سابق قومی آل رائونڈر اظہر محمود نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے نئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مبارک ہو، جدوجہد سے بھرپور ان کا متاثرکن اور قابل تعریف سفر ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ بالآخر میرا دوست عمران خان وزیراعظم بن گیا پورے پاکستان کو مبارک ہو۔

تازہ ترین