• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں موجود دہشت گردوں کو پاکستان سے کوئی مدد نہیں مل رہی، آرمی چیف

اسلام آباد (جنگ نیوز) آرمی چیف نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر اظہار تشویش اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود ہشتگردوں کو پاکستان سےکوئی مدد نہیں مل رہی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے آرمی چیف کا افغانستان بارے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔بیان میں آرمی چیف نے کہا ہے کہ غزنی سے زخمی یا مردہ دہشتگردوں کو لانے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ٹی ٹی پی افغانستان میں افغان شناخت کے ساتھ چھپی ہوئی ہے جن کی لاشیں اور زخمی بھی طبی امداد کے لئے پاکستان منتقل کئے جاتے ہیں۔اسی طرح افغان مہا جر ین اور ان کے رشتہ دار بھی یہی عمل کرتے رہتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ کاروبار اور حصول روزگار کے لئے افغانستان جانے والے پاکستانی بھی افغان بھائیوں کے ساتھ دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں۔ دہشت گردی کا شکار ان پا کستا نیو ں کو دہشتگرد گرداننا افسوسناک ہے۔آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کو اپنی داخلی صورتحال بہتر بنانے کی ضرورت ہےکیونکہ مسائل کی جڑ افغانستان میں ہی ہے۔آرمی چیف نے کہا مسائل کا حل افغان امن عمل کو موثر طریقے سے آگے بڑھا کر حاصل کیا جاسکتاہے۔آرمی چیف نےکہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیئے پاکستان تمام اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔ افغان صدر کے ساتھ جن اقدامات کا وعدہ کیا اس پر قائم ہیں۔آرمیی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان اور خطے میں دیرپا امن و استحکام ممکن نہیں۔ امن و استحکام کے لئے پاک افغان ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کرنا ہوگا۔دریں اثناء معرو ف مسیحی پیشوائوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطا ب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل قدر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق عشائیہ میں کارڈینل جوزف کوٹس، رائٹ ریورنڈ ہمفرے سرفراز پیٹرسمیت دیگرمعروف شخصیا ت نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آر می چیف نے کارڈینل کوٹس کی تقرری کی تعریف کرتے ہوئے اسے قومی ہم آہنگی کے لئے ایک عظیم اعزاز اور سنگ میل قرار دیا۔

تازہ ترین