• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں بھی تبدیلی آگئی، عمران نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا، مقابلہ حمزہ سے ہوگا

اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ سیل، نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چئیر مین عمر ان خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے سردار عثمان بزدار کو نامزد کردیا ہے جن کا حمزہ شہباز شریف سے مقابلہ ہوگا۔ عمران خاں نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان بزدارپنجاب کے سب سے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں ، جہاں نہ لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی ہے، نہ بجلی ہے اور نہ ہی اسپتال ہیں۔ اس علاقے میں لوگ ایسے رہ رہے ہیں جیسے پرانے زمانے میں رہتے تھے، سردار عثمان جانتے ہیں کہ پسماندہ علاقے میں لوگ کیسے رہتے ہیں، اس ملک کا غریب آدمی کیسے رہتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سردار عثمان جب وزیراعلیٰ بنیں گے تو انہیں پتہ ہو گا کہ اس ملک کے پسماندہ علاقوں میں لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔ عمران خان نے کہا سردار عثمان وہ واحد ایم پی اے ہے جس کے گھر میں بجلی نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ ایماندار وزیراعلیٰ صوبے کے لیے زبردست کام کرے گا اور ہمارے وژن پر بھی پورا اترے گا۔ سردار عثمان خان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازیخان کی پسماندہ تحصیل تونسہ کے قبائلی علاقے بارتھی کے بزدار (بلوچ) قبیلہ سے ہے۔ وہ سردار فتح محمد خان بزدار کے بڑے صاحبزادے ہیں۔سردار فتح محمد خان بزدار مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 3مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن رہے۔ سردار عثمان خان بزدار نے بہا ٔالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم اے سیا سیات کیا، وہ تحصیل ناظم تونسہ بھی رہے۔ وہ 2002ء سے 2007ء تک مسلم لیگ (ق) کے رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ وہ 2013ء کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر اپنے خاندانی حلقہ سے انتخاب نہ جیت سکے۔ سردار عثمان بزدار 2018ء کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی 286 ڈیرہ غازیخان سے 27027 ووٹ لے کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے 2002ء میں اس وقت کے مسلم لیگ (ق) کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ کی آشیرباد سے اپنے انتخابی حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے تھے۔ بعد میں وہ مسلم لیگ (ق) کو خیرباد کہہ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے اور مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر اب جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شامل ہوگئے۔ سردار فتح محمد بزدار کےڈیرہ غازیخان کے لغاری، مزاری، کھوسہ اور دریشک سیاسی خاندانوں کے سرکردہ افراد سے سیاسی تعلقات تھے۔ وہ بڑے خاموش طبع مگر کام کے دھنی پار لیمنٹرین تھے۔ ان کے صاحبزادے عثمان بزدار کے جہانگیر خان ترین، عبدالعلیم خان، طاہر بشیر چیمہ، خسرو بختیار اور باسط سلطان بخاری سے بڑے قریبی تعلقات ہیں۔ انہیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کی بھی آشیرباد حاصل ہے۔

تازہ ترین