• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کووزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پرشوبز ستاروں کی مبارک باد

کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر)عمران خان کووزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پرشوبزنس ستاروں نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے وزیر اعظم بن گئے ہیں ،لوگوں کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں،لہٰذا اب ان پر بھی دہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کی ذمہ داری پر پورا اتریں ،اخراجات کم کرکرکے سادگی اپنانی ہوگی۔لیجنڈری اداکارہ نائلہ جعفری نے کہا ہے کہ اپنی ذندگی میں ،میں نے بے شمار حکومتوں کو آتے جاتے دیکھا ہے ان انتخابات میں لوگوں کو پہلی مرتبہ پاکستان کی بہتری کے لئے روتے دیکھا ہے اور میرا ایمان ہے کہ عمران خان اس ملک کوپریشانیوں سے نکالنے میں کا میا ب ہونگے،عمران خان کھرے اور سچے انسان ہیں اور میرا خیال ہے کہ یہ بہت بڑی بات ہے ہماری اخلاقی اقدار سمیت تمام شعبے تباہ ہوچکے ہیں ،جن کی بہتری کے لئے عدل و انصاف قائم کرنا اور جرائم پیشہ لوگو ں کو انجام تک پہنچانا ہوگا۔مشہور اداکارہ فرحین اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے وزیر اعظم بن چکے ہیں انہیں سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہونگے کیونکہ لوگوں کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اب ان کو قوم سے کئے اپنے وعدوں کی تکمیل کے لئے کوششیں کرنا ہونگی اگر وہ ایسا نہ کرسکے تو یہ ان کے لئے اور پاکستان دونوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ملک کی سینئر اور نامور اداکارہ ثمینہ احمد نے کہا ہے کہ قوم بےشمار مسائل سے دوچار ہے،نئی حکومت کو نان ایشوز پر بات کرنے کے بجائے غربت ،بے روزگاری،تعلیم اور صحت سمیت دیگر اہم مسائل کے حل کےلئے اقدامات کر یں اور یہ ثابت کریں کہ لوگوں کے انتخاب کو درست ثابت کریں۔
تازہ ترین