• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے علی الصباح شہر کے متعدد تھانوں پر اچانک چھاپے مارے اور سڑکوں پر پولیس کی چیکنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے مویشی منڈیوں اور سبزی منڈی کے سیکیورٹی انتظامات کا بھی اچانک معائنہ کیا اور افسران اور اہلکاروں کو اچھی کارکردگی پر انعامات اور غیرذمے داری پر بازپرس اور وارننگ دی۔








امیر شیخ نے سڑکوں پر چیکنگ کے نام پر تھانوں کی پولیس کی ’وارداتوں‘ کا بھی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ ہفتہ کو صبح سویرے سادہ کپڑوں اور پرائیویٹ گاڑی میں شہر کے دورے پر نکل کھڑے ہوئے۔

وہ ایم اے جناح روڈ، گرومندر، تین ہٹی ، لیاقت آباد، شارع پاکستان، سہراب گوٹھ سے سپرہائی وے کے راستے سبزی منڈی پہنچے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس کے بعد وہ راشد منہاس روڈ، شارع فیصل سے نیشنل ہائی وے، ملیر اور ماڈل کالونی لنک روڈ پر پولیس کی چیکنگ کا جائزہ لیتے ہوئے یونیورسٹی روڈ پہنچے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کے شہریوں سے ناروا رویہ اور چیکنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے حلیہ پر بھی انہیں تنبیہ کی اور ڈیوٹی کے دوران باوردی درست رہنے کی ہدایت کی۔

پولیس چیف گلشن اقبال میں مبینہ ٹاون تھانے پہنچے تو مرکزی دروازے پر اردلی کو چاک و چوبند ڈیوٹی کرتے دیکھ اسے شاباش دی اور اہلکار خرم آصف کو ایک ہزار روپے نقد انعام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے تھانے میں رات کی ڈیوٹی پر موجود افسر اور محرر کی تعریف کی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے روزنامچہ اور ایف آئی آر رجسٹر کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران ہی تھانے کے دوسرے کمرے میں موجود ایس ایچ او عبدالغفار سدھو بھی حاضر ہوگئے۔

ایڈیشنل آئی جی نے لاک اپ میں موجود ایک ملزم کا انٹرویو بھی کیا۔ پولیس چیف نے تھانے کے عقبی حصے میں جاکر کمروں اور دیگر چیزوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے باتھ روم اورٹوائلٹ بھی دیکھے، تھانے میں صفائی کا نظام دیکھ کر انہوں نے ایس ایچ او کی تعریف کی اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کراچی سینٹرل کے لیاقت آباد تھانے پر بھی اچانک چھاپہ مارا۔ تھانے کے دروازے پر الرٹ ڈیوٹی دیتے دیکھ کر سنتری کو شاباش دے کر ایک ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے تھانے کے روزنامچے اور ایف آئی آر بک کا معائنہ کیا۔ روزنامچہ میں اندراج کے مطابق لاک اپ میں موجود ملزمان کے انٹرویوز کئے۔ ایک ملزم عمران کے مقدمہ سے متضاد بیان پر انہوں نے انکوائری کا حکم دیا۔

پولیس چیف نے تھانے کے واش روم کا معائنہ کیا تو وہاں اندھیرا تھا اورلائٹس فیوز ہو چکی تھیں۔ تھانے کی نئی بلڈنگ میں صفائی کا انتظام بھی ناقص تھا۔ ایس ایچ او کی تھانے میں عدم موجودگی پر انہوں نے ہیڈ محرر کو طلب کرکے بازپرس کی اور دونوں کو وارننگ جاری کی۔

ایڈیشنل آئی جی نے پولیس اہلکاروں کو تھانوں کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کسی بھی صورت شہریوں کو عزت دیں، عوام کی مدد کو اولین اصول بنائیں۔

تازہ ترین