• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت عظمیٰ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کے نتائج کو پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے، پائلٹ پراجیکٹ کوالیکشن کمیشن کے قواعد اور آپریشن پلان کے تحت مکمل کیا جائے جبکہ نادرا پائلٹ پراجیکٹ کے انتخابی عمل کو فول پروف بنانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کا مذکورہ فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے، جس سے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش پوری ہو گئی اور وہ بھی انتخابی عمل میں حصہ لے کر امیدوار کو ووٹ دے سکیں گے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دئیے جانے کی درخواست تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے دی تھی۔ ارض وطن کا شہری خواہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو پاکستان سے اس کی محبت مسلمہ ہے اور وہ اس سے بے پروا نہیں ہو سکتا۔ یہ حقیقت سب پر عیاں ہے کہ پاکستان میں زر مبادلہ کے جو ذخائر مختلف حکومتیں دکھاتی ہیں وہ ان سمندر پار پاکستانیوں کے ہی مرہون منت ہوتے ہیں۔ یوں بھی ملکی معیشت میں زراعت، صنعت اور محصولات کے بعد غیر ملکی ترسیلات زر کا اہم کردار ہے۔ بلاشبہ یہ امر زیادتی کے ضمن ہی آتا ہے کہ 71سال سے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھا گیا۔ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کےحق کا مسئلہ انتخابات کے موقع پر سر اٹھاتا رہا، گرما گرم بحث بھی ہوتی رہی لیکن پھر اگلے انتخابات تک یہ مسئلہ فراموش کر دیا جاتا رہا۔ 2013میں اس وقت کے چیئر مین نادرا نے چیف جسٹس افتخار چودھری کی عدالت میں ای ووٹنگ کا مکمل نظام بھی پیش کیا تھا جس کی انہوں نے منظوری بھی دیدی تھی لیکن اس کے بعد کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس ثاقب نثار نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دے کر لائق صد ستائش فیصلہ کیا ہے اور ان پاکستانیوں کو مبارکباد بھی دی ہے ۔ اس عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانا اب اداروں کا کام ہے امید ہے وہ یہ کام بحسن وخوبی سر انجام دیں گے۔

تازہ ترین