ریاض ( نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے جمعہ کی شام یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک اور بیلسٹک میزائل مار گراتے ہوئے ملک کو تباہی سے بچا لیا ۔سعودی عرب کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا کہ یمن سے نجران میں داغا گیا بیلسٹک میزائل مار گرایا گیا ۔ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔قبل ازیں گذشتہ ہفتے کے روز بھی ایران نواز حوثی باغیوں نے نجران پر ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا ، جسے مار گرایا گیا تھا ۔ گذشتہ ہفتے کے دوران سرحدی شہر جازان پر 2 میزائل حملے ناکام بنائے گئے تھے ۔سعودی عرب نے حوثیوں کی طرف سے شہری آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کی حوثی سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں 2231 اور 2216 کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔حوثی باغی گذشتہ کئی ماہ سے سعودی عرب پرمسلسل بیلسٹک میزائل حملے کر رہے ہیں۔