• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا حلف،20 رکنی کابینہ، 15 وزیر، 5 مشیر ہونگے، سندھ میں بھی وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا حلف، بلوچستان میں جام کمال منتخب، پنجاب کا فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےایوان صدر میں وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اُٹھالیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے حلف لیا، حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے، عمران خان کے بطور وزیراعظم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور نومنتخب وزیراعظم نے منصب سنبھال لیا، عمران خان وزیراعظم ہائوس بھی گئے اور وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، وزیر اعظم نے اسٹاف سے فرداً فرداً تعارف اور مصافحہ کیا۔ عمران خان اپنی روایتی انداز میں ہی نظر آئے، انہوں نے اپنے چہرے پر مسکراہٹ برقرار رکھی۔ تقریب حلف برداری میں سابق نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، عمران خان کی اہلیہ خاتون اول بشری مانیکا، غیر ملکی سفیر، 1992 ورلڈکپ میں عمران خان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے والے سابق کھلاڑی، فلمی ستارے اورسابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے، تقریب حلف برداری میں بڑی تعداد میں مہمان شریک ہوئے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، ایوان صدر کی فضائی نگرانی بھی کی گئی تھی۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کا بینہ میں 15 وفاقی وزراء اور 5 مشیر شامل کئے گئے ہیں۔ نئی کابینہ پیر کو حلف اٹھائیگی۔ سینیٹر ڈاکٹر فروغ نسیم کو وزارت قانون و انصاف، چوہدری طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی و سرحدی امور، نور الحق قادری کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، ڈ اکٹر شیریں مزاری کو وزارت انسانی حقوق، غلام سرور خان وزارت پیٹرولیم ڈویژن، زبیدہ جلال وزارت دفاعی پیداوار، فواد احمد چوہدری وزارت اطلا عات و نشریات، عامر محمود کیانی نینشل ہیلتھ سروسز ڈویژن، مخدوم شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ، پرویز خٹک وزارت دفاع، اسد عمر وزارت خزانہ، شیخ رشید احمد وزارت ریلوے، فہمیدہ مرزا کو بین الصوبائی رابطہ ڈویژن، خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور شفقت محمود کو وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تر بیت اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ وزیراعظم کے پانچ مشیر ہونگے جن میں ارباب شہزاد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبد الرزاق دائود تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سر مایہ کاری، ڈ اکٹر عشرت حسین صنعتی اصلاحات و کفا یت شعاری، امین اسلم موسمیاتی تبدیلی اور ظہیر الدین بابر اعوان پا رلیمانی امور کے مشیر شامل ہیں۔ وزارت داخلہ، ہا ئوسنگ و تعمیرات، توا نائی، آبی وسائل، مواصلات، سائنس و ٹیکنا لوجی، نیشنل فو ڈ سیکو رٹی ،نج کاری ،شماریات، کشمیر امور ،ایوی ایشن ڈویژن ،منصوبہ بندی و ترقیات اور وزارت کیڈ کے محکمے کسی کو نہیں دیے گئے۔

تازہ ترین