• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں مراد علی شاہ اور بلوچستان میں جام کمال وزیراعلیٰ منتخب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سید مراد علی شاہ نے دوسری مرتبہ صوبے کے29وزیر اعلی کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے مراد علی شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب حلف برداری کی نظامت کے فرائض چیف سکرٹری سندھ نے انجام دیے، تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ان کی دونوں بہنیں بختاوراور آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹرز، ممبران قو می وصوبائی اسمبلی ،اعلی سرکاری حکام، غیر ملکی سفارت کار اور دیگر نے شرکت کی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے عثمان بزدار اور مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں اور آج وزیراعلی پنجاب کا فیصلہ ہوگا۔ دریں اثناء بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال صوبے کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔ بلوچستان اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے لیے اجلاس نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ ثنااللہ زہری نے اپنی رکنیت کا حلف لیا۔ صوبے میں وزارتِ اعلیٰ کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میر یونس عزیز زہری سے ہوا۔

تازہ ترین