• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اقوام متحدہ کے سابق سربراہ کوفی عنان 80برس کی عمر میں چل بسے


اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،وقائع نگار، ایجنسی) انسانی خدمات کے اعتراف میں نوبل انعام حاصل کرنے والے اقوامِ متحدہ کے سابق سربراہ کوفی عنان 80 برس کی عمر میں چل بسے۔ کوفی عنان پہلے سیاہ فام افریقی سفارتکار تھے جو اقوام متحدہ کے سربراہ جیسے اعلیٰ عہدے پر فائز ہوئے۔ وہ اس عہدے پر سنہ 1997 سے سنہ 2006تک کام کرتے رہے۔ اس کے بعد انہوں نے شام کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی کے فرائض بھی نبھائے تاکہ تنازع کا پر امن حل تلاش کیا جا سکے۔ ان کی وفات کا اعلان کرتے ہوئے کوفی عنان فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایک عالمی مدبر تھے۔کوفی عنان کا تعلق گھانا سے تھا جبکہ انھوں نے جنیوا میں وفات پائی۔

انھیں ان کی خدمات کی اعتراف میں سنہ 2001 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا۔ پاکستان نے سابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کوفی عنان کے انتقال پر اظہار ِ افسوس کرتے ہوئے اقوام عالم کے لئے اُن کی خدمات شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے خاندان اور دوستوں سے دکھ کا اظہار کیا ہےجبکہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل اور نوبل انعام یافتہ کوفی عنان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اپنے تعزیتی پیغام میں عمران خان نے کہاکہ اقوام متحدہ کے مقاصد کی تکمیل اور عالمی امن کے استحکام کے لیے کوفی عنان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔دریں اثناءسابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بھی کوفی عنان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین