کراچی (اسٹاف رپورٹر) جکارتہ ایشین گیمز میں تین سو سے زائد ایتھلیٹس پر مشتمل پاکستانی دستے کو پہلے میڈل کا انتظار ہے۔ اب تک 14 ملکوں کے ایتھلیٹس نے میڈل حاصل کئے ہیں۔ چین نے سولہ تمغوں کے ساتھ برتری حاصل کرلی ہے۔ اتوار تک چین نے سونے کے سات چاندی کے پانچ اور کانسی کےچار تمغوں کے ساتھ برتری ثابت کی۔ جاپان تین سونے چھ چاندی اورچار کانسی کے میڈل جیت کر دوسرے اور کوریاسونے کے دو چاندی کے تین اور کانسی کے چار تمغے لے کر تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت نے ایک سونے اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ ایشین گیمز میں ٹینس مینز سنگل ایونٹ میں عقیل خان نے منگولیا کے بدرخ کو 6-1 6-1 سے شکست دیدی ۔ عابد علی نے انڈونیشیا کے سوسانٹو کے خلاف 7-5 6-1 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تھائی لینڈ کم خوم اور رائی وائنہ نے عابد علی اور اشنا کو 6-2 6-1 سے شکست دی۔ انڈونیشیا کے رنگٹ اور سوتی جیادہ نے مکس ڈبل میں سارہ حسن اور مزمل کو 6-2 6-3 سےشکست دے دی۔ مردوں کےکبڈی گروپ بی میں پاکستان نے ملائشیا کیخلاف 62-17 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ ووشو میں پاکستان کے معاذ خان نے لبنان کے کھلاڑی کوناک آئوٹ کردیا ۔ شوٹنگ ٹریپ ایونٹ میں پاکستان کے عامراقبال نے 72 پوانٹس کے ساتھ دوسری جبکہ محمد فرخ ندیم نے 70 پوانٹس کے ساتھ 14 ویں پوزیشن حاصل کی 10 میٹر ائررائفل مکس ٹیم میں منہل سہیل اور ذیشان شاکر اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکے۔ روئنگ مینز سنگل میں امجد بیگ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ فینسنگ مینز ایپی میں قطر نے پاکستان کو شکست دیدی۔ بیڈمنٹن ٹیم رائونڈ میں نیپال نے پاکستان کیخلاف 3-1 سے کامیابی اپنے نام کی جبکہ ویمنز ایونٹ میں نیپال نے پاکستان کیخلاف 3-0 سے فتح حاصل کی ۔ ریسلنگ مینز فری اسٹائل 57 کے جی میں ازبکستان نے پاکستان کو 7-2 سے ہرایا۔ سوئمنگ کے100 میٹر بیک اسٹروک میں پاکستان کے حسیب طارق نے 59.20 کے ساتھ نیا قومی ریکارڈ بنایا ایونٹ میں وہ 20 ویں پوزیشن پر رہے۔ 200 میٹر بیک اسٹروک میں مرال زہرہ نے 2.39 منٹ میں فاصلہ طے کرکے15 ویں، 100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں مشال عائشہ نے 1.22منٹ میں22 ویں، اور 100 میٹر بیک اسٹروک میں کائوس بہرام آغا 1.05 کے ساتھ 25 نمبر پررہے۔