• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذاکر کے 80رنز،شالیمار سی سی کوزون سات سپر لیگ جتوادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے سی سی اے زون سات سپر لیگ کے شالیمار سی سی نے جیت لی ۔ کے سی سی اے کے سابق صدرپروفیسر اعجاز فاروقی نے بحیثیت مہمان خاص فائنلسٹ ٹیموں میں ونر اور رنر اپ ٹرافی کے علاوہ کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔ فائنل میں رینجرز جیم خانہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 40 اوورز میں 206 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر آویزاں کیا۔ جواد علی نے 49، احمد حسین نے 45اور طاہر نقاش نے 40 رنزکی عمدہ اننگز کھیلی۔ محمد اختر اور محمد علی نے 3،3 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ فاتح ٹیم نے مطلوبہ ہدف کو آخری گیند پر حاصل کیا۔ ذاکر ملک 80رنز، شہباز نے 38اور اختر نے 24رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ عارف یعقوب نے 3شکار کیے۔ ذاکر ملک کو مین آف دی فائنل، احمد حسین اور شہباز خٹک بہترین بیٹسمین، ناصر، فواد خان اور اعجاز احمد بہترین بولر غازی غوری بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز فاروقی نے کہا کہ یہ زون کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔ سینئر ڈسرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا اور انڈر 25کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا اوراپنے زون کے تمام ٹورنامنٹ کو قبل از وقت مکمل کرنا اور الحاق شدہ کلبوں کو متحرک رکھنا قابل قدر اور تحسین ہیں۔ مہمان خصوصی نے زون کے جملہ ایونٹس کو اسپانسر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ محمدرئیس ، اعظم خان، محمد ریحان ، مسرت رضا، جمیل احمد ، ایس اے فہیم نے بھی مختصر خطاب کیا۔اس موقع پر سیکریٹری زون کےسیکریٹری مظہر اعوان، ظہیر الدین خان اور زیب اقبال ودیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین