• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مویشی مالکان نے شہر کو مویشی منڈی بنادیا،صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث عیدالاضحی کے حوالے سے مویشی مالکان نے پورے شہر کو مویشی منڈی بنادیا ہے، پولیس اور بلدیہ کے افسران و عملہ عیدالاضحی کے حوالے سے مین شاہراہوں، سڑکوں اور چوراہوں پر فروخت ہونے والے جانوروں کو مویشی منڈی منتقل کرنے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے شہر کے ہر چوراہے پر صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ہے۔ عیدالاضحی کے قریب آتے ہی شہر بھر میں قربانی کے حوالے سے فروخت ہونے والے جانوروں کی خرید وفروخت عروج پر پہنچ گئی ہے، مویشی مالکان نے شہر بھر کے مختلف چوراہوں، بازاروں ، سڑکوں اور ہوٹلز کے باہر مویشیوں کی خرید و فروخت شروع کردی ہے، عیدالاضحی کے لئے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر سے دور ہٹڑی بائی پاس پر مویشی منڈی قائم کی گئی ہے اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں کے چوراہوں، مین شاہراہوں، مرکزی اور علاقائی بازاروں کو بیوپاریوں نے مویشی منڈی بنادیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عیدا لاضحی کے قریب آتے ہی شہر کے مختلف علاقوں سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کے مرکزی اور علاقائی بازاروں، مین شاہراہوں اور چوکوں پر اندورن سندھ سمیت مقامی بیوپاریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی ہے، جنہوں نے پور ے شہر کو مویشی منڈی بنادیا ہے، بیوپاریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں چھوٹے بڑے جانوروں کی صبح سے رات گئے تک خریدوفروخت جاری ہے، جس کے باعث جہاں ایک طرف ٹریفک جام معمول ہے تو دوسری جانب مذکورہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے ضلعی سطح پر ہٹڑی بائی پاس کے مقام پر مویشی منڈی قائم کی گئی ہے جہاں خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں اور بیوپاری پریشان ہیں، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے بیوپاریوں نے پورے شہر کو مویشی منڈی بنادیا جبکہ دیگربیوپاری بھی منڈی سے اپنے جانور شہر کی مرکزی شاہراہوں پر فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
تازہ ترین